پیر، 27 اگست، 2007

شہرنامہ

سانحہ لال مسجد پر احمد فراز کا تازہ کلام


وہ عجیب صبحِ بہار تھی


کہ سحر سے نوحہ گری رہی


مری بستیاں تھیں دُھواں دُھواں


مرے گھر میں آگ بھری رہی


میرے راستے تھے لہو لہو


مرا قریہ قریہ فگار تھا


یہ کفِ ہوا پہ زمین تھی


وہ فللک کہ مشتِ غبار تھا


کئی آبشار سے جسم تھے


کہ جو قطرہ قطرہ پگھل گئے


کئی خوش جمال طلسم تھے


جنھیں گرد باد نگل گئے


کوئی خواب نوک سناں پہ تھا


کوئی آرزو تہِ سنگ تھی


کوئی پُھول آبلہ آبلہ


کوئی شاخ مرقدِ رنگ تھی


کئی لاپتہ میری لَعبتیں


جو کسی طرف کی نہ ہوسکیں


جو نہ آنے والوں کے ساتھ تھیں


جو نہ جانے والوں کو روسکیں


کہیں تار ساز سے کٹ گئی


کسی مطربہ کی رگ گُلُو


مئے آتشیں میں وہ زہر تھا


کہ تڑخ گئے قدح و سَبُو


کوئی نَے نواز تھا دم بخود


کہ نفس سے حدت جاں گئی


کوئی سر بہ زانو تھا باربُد


کہ صدائے دوست کہاں گئی


کہیں نغمگی میں وہ بَین تھے


کہ سماعتوں نے سُنے نہیں


کہیں گونجتے تھے وہ مرثیے


کہ انیس نے بھی کہے نہیں


یہ جو سنگ ریزوں کے ڈھیر ہیں


یہاں موتیوں کی دکان تھی


یہ جو سائبان دھوئیں کے ہیں


یہاں بادلوں کی اڑان تھی


جہاں روشنی ہے کھنڈر کھنڈر


یہاں قُمقُموں سے جوان تھے


جہاں چیونٹیاں ہوئیں خیمہ زن


یہاں جگنوؤں کے مکان تھے


کہیں آبگینہ خیال کا


کہ جو کرب ضبط سے چُور تھا


کہیں آئینہ کسی یاد کا


کہ جو عکسِ یار سے دور تھا


مرے بسملوں کی قناعتیں


جو بڑھائیں ظلم کے حوصلے


مرے آہوؤں کا چَکیدہ خوں


جو شکاریوں کو سراغ دے


مری عدل گاہوں کی مصلحت


مرے قاتلوں کی وکیل ہے


مرے خانقاہوں کی منزلت


مری بزدلی کی دلیل ہے


مرے اہل حرف و سخن سرا


جو گداگروں میں بدل گئے


مرے ہم صفیر تھے حیلہ جُو


کسی اور سمت نکل گئے


کئی فاختاؤں کی چال میں


مجھے کرگسوں کا چلن لگا


کئی چاند بھی تھے سیاہ رُو


کئی سورجوں کو گہن لگا


کوئی تاجرِ حسب و نسب


کوئی دیں فروشِ قدیم ہے


یہاں کفش بر بھی امام ہیں


یہاں نعت خواں بھی کلیم ہے


کوئی فکر مند کُلاہ کا


کوئی دعوٰی دار قبا کا ہے


وہی اہل دل بھی ہیں زیبِ تن


جو لباس اہلِ رَیا کا ہے


مرے پاسباں، مرے نقب زن


مرا مُلک مِلکِ یتیم ہے


میرا دیس میرِ سپاہ کا


میرا شہر مال غنیم ہے


جو روش ہے صاحبِ تخت کی


سو مصاحبوں کا طریق ہے


یہاں کوتوال بھی دُزد شب


یہاں شیخ دیں بھی فریق ہے


یہاں سب کے نِرخ جدا جدا


اسے مول لو اسے تول دو


جو طلب کرے کوئی خوں بہا


تو دہن خزانے کے کھول دو


وہ جو سرکشی کا ہو مرتکب


اسے قُمچیوں سے زَبُوں کرو


جہاں خلقِ شہر ہو مشتعل


اسے گولیوں سے نگوں کرو


مگر ایسے ایسے غنی بھی تھے


اسی قحط زارِ دمشق میں


جنھیں کوئے یار عزیز تھا


جو کھڑے تھے مقتلِ عشق میں


کوئی بانکپن میں تھا کوہکن


تو جنوں میں قیس سا تھا کوئی


جو صراحیاں لئے جسم کی


مئے ناب خوں سے بھری ہوئی


تھے صدا بلب کہ پیو پیو


یہ سبیل اہل وفا کی ہے


یہ نشید نوشِ بدن کرو


یہ کشید تاکِ وفا کی ہے


کوئی تشنہ لب ہی نہ تھا یہاں


جو پکارتا کہ اِدھر اِدھر


سبھی مفت بر تھے تماشہ بیں


کوئی بزم میں کوئی بام پر


سبھی بے حسی کے خمار میں


سبھی اپنے حال میں مست تھے


سبھی راہروانِ رہِ عدم


مگر اپنے زعم میں ہست تھے


سو لہو کے جام انڈیل کر


مرے جانفروش چلے گئے


وہ سکوُت تھا سرِ مے کدہ


کہ وہ خم بدوش چلے گئے


کوئی محبسوں میں رَسَن بہ پا


کوئی مقتلوں میں دریدہ تن


نہ کسی کے ہاتھ میں شاخ نَے


نہ کسی کے لب پ گُلِ سخن


اسی عرصہء شب تار میں


یونہی ایک عمر گزر گئی


کبھی روز وصل بھی دیکھتے


یہ جو آرزو تھی وہ مرگئی


یہاں روز حشر بپا ہوئے


پہ کوئی بھی روز جزا نہیں


یہاں زندگی بھی عذاب ہے


یہاں موت بھی شفا نہیں


مشکل الفاظ


لعبت:: گڑیاں، مورتیاں، کھلونے


مطربہ: خوش کرنے والا، قوال


گلو: حلق، کنٹھ، گردن


دُزد: چور، سرقہ


قمچیوں: چابک، چھڑی، ہنٹر


قدح و سبو: بڑا پیالہ اور صبح کی شراب


باربُد: یونانی موسیقار جو المیہ دھنیں بناتا تھا


چکیدہ: ٹپکا ہوا


تاک: انگور


خم بدوش: شراب کا مٹکا اٹھانے والا


محبسوں: حساب کتاب کرنے والا

3 تبصرے:

  1. یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ نظم لکھی ہی لال مسجد جامعہ حفصہ کے واقعہ کیلئے ہے ۔ بہر حال سب تک پہنچانے کا شکریہ ۔ نمعلوم کب تک سانحہ لال مسجد جامعہ حفصہ خون کے آنسو رُلاتا رہے گا ۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. جی یہ جامعہ حفصہ اور لال مسجد دونوں کے لیے ہے۔ موقر روزنامے جناح لاہور کے ادبی صفحے پر شائع ہوئی ہے دو دن پہلے۔ پورے صفحے پر اس نظر کے اشعار اور ساتھ ان کی مناسبت سے تصاویر بھی تھیں۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. بہت خوب۔ بہت اچھی نظم ہے، شیئر کرنے کا شکریہ

    جواب دیںحذف کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔