اتوار، 22 اگست، 2010

تازہ ترین

لوگ سیلابوں کو پِٹ رہے ہیں، لاقانونیت کا رونا رو رہے ہیں اور دو بچوں کو زندہ جلا دینے کے واقعے پر سر پیٹ رہے ہیں۔ ہماری اپنی چھوٹی سی دنیا ہے جو آج کل لہروں کی زد میں ہے۔ چار دن قبل ہمارا لیپ ٹاپ بارش میں بھیگ کر ناکارہ ہوگیا۔ اس کا مدر بورڈ اب اگر بیس ہزار کے قریب مل جائے تو سبحان اللہ ورنہ لیپ ٹاپ کسی کام کا نہیں۔ اس کے خراب ہونے سے ایک دن پہلے ہم نے گیارہ بجے رات تک کام کرکے اردو ٹرانسلیشنز کو آنلائن کیا تھا۔ لیکن اب ڈیسکٹاپ پی سی سے صبح شام آنلائن ہونے پر دل نہیں کرتا کہ کچھ اور کیا جائے چناچہ ٹی وی لگا لیتے ہیں یا نیٹ گردی۔
ابھی خبر آئی ہے کہ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد نے ایم فِل کے داخلوں کا اعلان کردیا ہے۔ ہم نے اس سمسٹر کے شروع میں بڑے بلند و بانگ دعوے کیے تھے کہ تھیسز بھی کرنا ہے اور ایم فِل بھی۔ اب تھیسر ہوجائے گا ایم فِل نہیں ہوسکے گا اس سال کم از کم۔ ابھی تک ہمارے تھیسز جمع بھی نہیں ہوسکا، یہ نہیں کہ لکھا نہیں جاسکا، لکھا ہوا رکھا ہے پچھلے پندرہ دن سے لیکن بورڈ آف سٹدیز کی میٹنگ ہی نہیں ہورہی، ہر بار وی سی طرح دے جاتا ہے۔ یہ ہوگی تو ٹاپک منظور ہوگا اور تھیسز بیرونی ممتحن کو بھیجا جاسکے گا۔ یعنی ہم منہ دیکھتے رہ گئے اس بار۔
ہم جس سکول میں انٹرنشپ کررہے ہیں اس کی تین برانچوں میں سے دو میں کچھ جھگڑا سا بن گیا ہے جس کی وجہ ہم ہیں۔ جس میں ہم تعینات ہیں وہ لوگ ہمیں رکھنا چاہتے ہیں اور مین برانچ کو فوری ایک ٹیچر چاہیے جو آٹھویں کو انگریزی پڑھائے چناچہ وہ ہمیں بلاتے ہیں۔ لیکن یہاں کی پرنسپل اور سینئیر ٹیچر نہیں مانتی۔ یہاں ہم چھٹی کی انگریزی اور ساتھ جیوگرافی، ہسٹری، اسلامیات پڑھائیں گے وہاں شاید انگریزی زیادہ پڑھانی پڑے۔ انگریزی اپنی فیلڈ بھی تو ہے لیکن کچھ کہا نہیں جاتا۔ کس سے کیا کہیں اب کوئی ناراض  ہوگیا تو ایویں جینا دشوار کردے گا، ہم جمعہ جمعہ آٹھ دن کے بھی نہیں ہوئے ابھی اس ادارے میں۔ چناچہ ہاں جی ہاں جی کرتے جاتے ہیں ہر کسی کو۔ عجیب ٹینشن سی بن گئی ہے۔
آخر میں درخواست کہ اگر کوئی دوست IBM Lenovo T61 کا مدربورڈ اپنے اردگرد کی مارکیٹ میں تلاش کرکے ہمیں بتا سکے۔ ہم مشکور ہونگے۔ شاید بیرون ملک سے مدربورڈ کورئیر نہ ہوسکے، بہت مہنگا پڑ جائےگا لیکن کراچی سے تو ہونا چاہیے۔ چناچہ کراچی و لاہور کے دوست بالخصوص اور بیرون ممالک میں بنسے والے دوست بالعموم اس مسئلے پر توجہ فرمائیں، ہمارے لیے یہ اس وقت سیلاب سے بھی زیادہ گھمبیر مسئلہ ہے چونکہ اس لیپ ٹاپ پر یکدم ہی بہت انحصار کرنے لگے تھے ہم، اور بہت کچھ ابھی کرنا ہے اس پر۔ اگر یہ ٹھیک ہوگیا تو۔ اور ہاں پیمنٹ کی فکر نہ کیجیے گا، انشاءاللہ اس قابل ہیں کہ پیمنٹ کرسکیں بس آپ دستیابی سے مطلع کیجیے گا مجھے۔
اور آخر میں اللہ کریم سے گناہوں کی معذرت اور اس کی بے پایاں رحمتوں پر شکر۔ یا اللہ تیرا شُکر ہے میرا ہر سانس تیری رحمت کا محتاج ہے۔ الحمداللہ۔