جمعرات، 10 اپریل، 2008

اردو کوڈر آنلائن ہے

اردو کوڈر فورم کو ایس ایم ایف پر منتقل کردیا گیا ہے۔ نیا ربط یہ ہے۔ urducoder.com سے ری ڈائرکشن اب نئے ربط پر ہی ہوتی ہے۔


شاکر القادری صاحب کا شکریہ انھوں نے باوجود تکلیف میں ہونے کے پی ایچ پی بی بی 3 کا اردو پیکج بھی جاری کردیا لیکن میں نے جمہوری اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قدیر، محب اور نبیل کے مشورے کو مدنظر رکھا۔ پرانے فورم کا ڈیٹا کامیابی سے منتقل کرلیا گیا ہے لیکن کچھ نہ کچھ ڈیٹا ضائع ضرور ہوا ہے جس کا ثبوت آنے والے کچھ ایررز تھے۔ لیکن مجھے امید ہے کہ غیر اہم قسم کا ڈیٹا ہوگا۔ اراکین فورم سے درخواست ہے اگر وہ کسی بھی قسم کی مشکل پائیں تو مجھ سے رابطہ کریں اور میں آگے رابطہ کروں گا ;) :D


استعمال کریں اگر یہ کام نہ کرے تو پی ایچ پی بی بی 3 تو ہے ہی۔

بدھ، 9 اپریل، 2008

منظرنامہ

ارباب غلام رحیم اور شیر افگن کی ٹھکائی کے ساتھ ہی نئی حکومت اور حزب اختلاف کے مابین رسا کشی کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس سے پہلے جو افہام و تفہیم کی باتیں کی جارہی تھیں سب ہوا بن کر اڑ گئی ہیں۔

کراچی میں صورت حال بگڑنا شاید اب معمول بن جائے۔ پہلے مہاجر قومی موومنٹ کو سامنے لایا گیا۔ اب وکلاء کو ایک فریق کے طور پر ابھارا گیا ہے۔ پچھلے ایک سال کی جدوجہد نے وکلاء کو بھی اپنے ہونے کا احساس دلا دیا ہے۔ اور یہ احساس کسی بھی وقت منفی صورت میں ظاہر ہوسکتا ہے۔ ملیر بار کو جلانا، وکلا کے دفاتر کو جلانا کسی "نامعلوم" کی کاروائی نہیں۔ متحدہ کو مشرف دور میں جس سکھ کا سانس ملا تھا اور انھوں نے پورے ملک میں تنظیم سازی کرنے کی سوچی تھی وہ سکھ انھیں اب نصیب نہیں ہوگا۔ انھیں پھر سے کراچی کی پسوڑی ڈال دی گئی ہے۔ یہ تو طے ہے کہ متحدہ سندھ حکومت میں شامل ہوگی۔ چاہے ماہانہ بنیادوں پر ہی اختلافات جنم لیں لیکن نچلا بیٹھنا متحدہ کی عادت نہیں۔ دوسری صورت میں سندھ اسمبلی تو کراچی میں ہی ہے اور ویسے بھی ملک کی ساری تجارت اسی کے راستے ہوتی ہے۔ چناچہ متحدہ کراچی میں بیٹھ کر ہی پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت کو پڑھنے پا سکتی ہے۔

کراچی سے باہر اگر کوئی ذرا پرسکون علاقہ ہے تو وہ پنجاب ہے۔ اس میں ق لیگ نے بسم اللہ کردی ہے۔ شیر افگن جو پہلے ہی ذہنی بیماری کا بہانہ کرکے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس سے بچا تھا اب زیادہ زہریلا ہوجائے گا۔ جوتے جس نے بھی مارے، کام اس نے خوب کیا سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے۔ ق لیگ نے پنجاب اسمبلی کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ یعنی صوبائی اسمبلی میں اس دوران ہونے والی کوئی بھی قانون سازی بغیر کسی بحث کے اور بغیر کسی اعتراض کے ہوجائے گی۔ شیر افگن نے میانوالی کے عوام کو لاہوریوں کے خلاف بھڑکانے کی کوشش بھی کرڈالی ہے۔ عوام تو ہیں ہی جذباتی اس کا نتیجہ اب وقت ہی بتائے گا۔

ان دو واقعات نے عدلیہ کی بحالی سے نظریں ہٹا دی ہیں۔ ایک عام آدمی کی حیثیت سے اگر میں دیکھوں تو وہ چیزیں جن پر فوکس ضروری تھا پس پشت چلی گئی ہیں۔ آٹے کا بحران پھر سے سر اٹھا رہا ہے۔ غذائی اجناس کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔ پانی، بجلی کے بحران بھی وہیں ہیں۔ مجھے تو یوں لگتا ہے کہ ایک بار پھر نوے کی دہائی کی سیاست شروع ہوگئی ہے۔ وہی کنجر خانہ۔ بس چہرے وہ نہیں رہے لیکن ان کا کردار وہی ہے۔

اس ساری صورت حال سے جرنل (ر) پرویز مشرف مغرب کو ایک بار پھر شاید باور کرانے میں کامیاب ہوجائے کہ اس تھرڈ ورلڈ ملک کے تھرڈ کلاس لوگوں کے لیے جمہوریت زہر قاتل ہے۔ دیکھا میں نہ کہتا تھا یہ لوگ جمہوریت کے قابل ہی نہیں۔ انھیں "حقیقی" جمہوریت ہی چاہیے جو صرف میں ہی مہیا کرسکتا ہوں۔ او آئی سی کی سربراہ کانفرنس تھی تو جنرل صاحب یہاں بیٹھے رہے اب سیاستدانوں کو لڑوا کر آرام سے چھ روزہ سرکاری دورے پر چین سدھار رہے ہیں۔ پیچھے وزیر اعظم تحقیقاتی کمیٹیوں کا اعلان کرتے پھریں اور آٹھ سالہ دور اقتدار کا گند دھونے کے لیے منصوبے بناتے رہیں۔ جناب کے دوروں کے ریکارڈ میں 6 روز اور شامل ہوجائیں گے۔

میں کس کے ہاتھ پر اپنا لہو تلاش کروں

میرا اس سے کوئی رشتہ نہیں تھا۔ بس بازار سے گزرتے ہوئے اس کو دیکھنے کی عادت سی ہوگئی تھی۔ ہاتھ میں اچھی نسل کی کوئی گن پکڑے وہ جیولرز کے باہر کبھی کھڑا ہوتا تھا اور کبھی بیٹھا ہوا ہوتا تھا۔ شکل سے پٹھان لگتا تھا۔ پچھلے کچھ ماہ سے اس کے ساتھ ایک اور لڑکا بھی نظر آنے لگا تھا جس کے ہاتھ میں اکثر پستول ہوا کرتا۔ دونوں کبھی کرسیوں پر بیٹھے ہوتے اور کبھی کھڑے ہوتے۔ میں نے کبھی اس سے بات نہیں کی تھی۔ بس چپ چاپ اس کے قریب سے گزر جایا کرتا۔ آج جب میں وہاں سے گزرا تو وہ مانوس منظر میرا منتظر نہیں تھا۔ وہ جہاں کھڑا ہوتا تھا وہاں دوکان کی سیڑھیوں پر خون کے دھبے پڑے ہوئے تھے۔ انھیں چھپانے کے لیے کہیں کہیں ریت ڈالی ہوئی تھی۔ قریب ہی لوگوں کا ایک مجمع تھا جو چہ مگویاں کررہے تھے۔  ذرا ادھر دوکان کا مالک سنار چند لوگوں میں گھرا کھڑا تھا۔ اس کے قریب ہی شکل سے پختون لگنے والا ایک ادھیڑ عمر سا آدمی بھی کھڑا باتیں کررہا تھا۔ شاید وہ اس کا باپ تھا۔

اس کا نام گل خان تھا۔ اور اس کے ساتھی لڑکے کا نام اخلاق احمد۔ کل شام ساڑھے سات کے قریب اس دوکان پر ڈاکوؤں نے حملہ کردیا۔ ندیم اسلم جیولرز منصور آباد کے اچھے خاصے مشہور اور کھاتے پیتے جیولرز ہیں۔ پہلے بھی ایک بار ڈکینی کی کوشش ہوچکی تھی جس کی وجہ سے انھوں نے دو محافظ رکھ چھوڑے تھے۔ لیکن یہ محافظ بھی کچھ نہ کرسکے۔ درندوں نے سب سے پہلے انھیں مزاحمت پر گولیاں ماریں۔ پھر دوکان کے شوکیس توڑ کر زیورات اور نقدی نکال کر فرار ہوگئے۔ گل خان اور اخلاق احمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔ جبکہ ایک گاہک خاتون کی ٹانگ میں گولی لگی۔

پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ لیکن وہ کہاں پکڑے جاسکتے ہیں۔ اگر پکڑے بھی گئے تو گل خان اور اخلاق احمد کے گھر والوں کو ان کے سپوت لوٹا سکیں گے؟ ان کے قتل کا ذمہ دار کون ہے؟ وہ معاشرہ جس کی بدولت وہ اتنے مجبور ہوگئے کہ اپنی جان داؤ پر لگا کر دوسروں کو سیکیورٹی فراہم کریں؟ یا وہ درندے جو انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں؟ ان کے بچوں اور گھر والوں کی کفالت کون کرے گا؟ دونوں شاید پردیسی تھے۔ دور کہیں کسی علاقے میں بیٹھے ان کے عزیز جنھوں نے دو وقت کی روٹی کی امید میں انھیں اتنی دور جانے دیا تھا اب ان کے بے جان لاشے وصول کر جانے کتنا روئے ہونگے۔۔۔ کون ذمہ دار ہے اس سب کا؟ شاید ہم سب۔ :(

ہفتہ، 5 اپریل، 2008

اردو کوڈر فورم کا نیا فورم سافٹویر

اردو کوڈر فورم ہم نے اردو میں لینکس کی ترویج کے لیے بنایا تھا۔ اب ہمارا اناڑی پن کہیے یا قسمت کی خرابی کہ ہر دو تین ماہ میں اردو کوڈر فورم ڈاؤن ہوجاتا ہے۔ جنوری میں پورا مہینہ سرورمیں مسئلے وجہ سے یہ غائب رہا۔ اور مارچ میں بھی سرور کی ہی کچھ دیر کی بندش کے بعد سے اس کا مین پیج نہیں کھل رہا۔ سونے پر سہاگہ محمد علی مکی نے جو پی ایچ پی بی بی کا تبدیل شدہ ورژن استعمال کیا تھا جس میں کچھ موڈ پہلے ہی سے انسٹال تھے۔ ہمیں تو اصلی کا نہیں پتا تھا اس تبدیل شدہ ورژن کا کیا کرتے۔

خیر بات یہاں پہنچتی ہے کہ محمد علی مکی تو بسلسلہ روزگار آنلائن آنے سے معذور ہیں آج کل۔ تو نیم حکیم یعنی ہماری ذات شریف ہی پیچھے رہ جاتی ہے جسے فورم کی انتظامیہ کہا جائے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ فورم کا سافٹویر بدل دیا جائے۔ اس کے لیے دو سافٹویرز ہمارے زیر غور ہیں۔ پی ایچ پی بی بی تین جس کی بہترین مثال القلم ہے اور سمپل مشین فورمز جس پر اردو ٹیک فورمز بہترین طریقے سے چل رہے ہیں۔ پی ایچ پی بی بی کی ایک ساکھ ہے جبکہ ایس ایم ایف فورمز سافٹویر اپنی سادگی لیکن پرکاری کے لیے جانا جاتا ہے۔ اب آپ فرمائیں کہ نیا فورم سافٹویر کونسا ہو۔ فورم کی ڈیٹابیس ہم نے دونوں میں بدل کر دیکھ لی ہے۔ دونوں سافٹویرز بہترین چل رہے ہیں۔ ایس ایم ایف نے منتقلی کے دوران کچھ ایررز دئیے تھے لیکن میری آزمائشی تنصیب میں بہترین چل رہا ہے۔ ایک بات اور ایس ایم ایف کا ورژن 2 جلد ہی آرہا ہے (لیکن وہ اردو کردہ نہیں ابھی تک جبکہ پی ایچ پی بی بی 3 اردو شدہ موجود ہے۔ )۔ نیچے ہم اپنے بلاگ کا پہلا پول فٹ کررہے ہیں۔ رائے دیجیے تاکہ جلد از جلد اردو کوڈر کو پھر سے آنلائن کیا جاسکے۔پول 10 تاریخ تک آنلائن رہے گا اور پھر اس کے مطابق فیصلہ کرکے انشاءاللہ 10 کو ہی فورم آنلائن کردیا جائے گا۔

[poll=2]

جمعہ، 4 اپریل، 2008

بارشیں، بجلی اور غذائی اجناس

پچھلے چار پانچ دنوں سے ملک میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ میں خوش تھا کہ چلو اب لوڈشیڈنگ سے جان چھوٹے گی۔ والدہ کہنے لگیں یہ بارشیں جو اب ہورہی ہیں جنوری کے آخر یا فروری میں ہونی چاہئیں تھیں۔ ان بارشوں کی وجہ سے ڈیم تو شاید بھر جائیں گے لیکن فصلوں کا ستیاناس ہوجائے گا۔ محکمہ موسمیات کے کے مطابق سندھ میں جاری ان طوفانی بارشوں سے گندم کی فصل بری طرح متاثر ہوگی۔

پچھلے ایک سال سے پاکستان شدید غذائی بحران میں مبتلا ہے اور یہ بحران آئندہ بڑھتا ہی نظر آرہا ہے۔ عالمی سطح پر بھی اسی قسم کی پیش گوئیاں کی جارہی ہیں کہ دنیا بڑے غذائی بحران کا شکار ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں تو پہلے ہی صورت حال بہت خراب ہے۔ آٹے کا بحران پھر سے سر اٹھا رہا ہے۔ کراچی میں فلور ملوں کا کوٹہ کم کردیا گیا ہے۔ میرے ایک عزیز بتا رہے تھے کہ آٹے کا تھیلا لینے کے لیے سارا دن ذلیل ہوا ہوں پوری کالونی میں کسی بھی دوکان پر آٹا نہیں تھا۔ فیصل آباد میں متوسط طبقے کے لوگ یوٹیلٹی سٹور سے آٹا لینے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہمارے گھر کے قریب واقع سٹور پر پچھلے کئی ہفتوں سے آٹا نہیں آیا۔

کل رات سے فیصل آباد میں لوڈ شیڈنگ ختم کردی گئی ہے۔ سات سے آٹھ تک بند رہنے والی بجلی صرف چند منٹ بند رہ کر دوبارہ آگئی۔ آج بھی 9 سے 10 تک کے لیے بجلی بند نہیں ہوئی۔ شاید ڈیموں میں پانی وافر مقدار میں آچکا ہے۔ لیکن اس کی قیمت شاید ہمیں گندم اور دوسری فصلوں کے بحران کی صورت میں ادا کرنی پڑے۔ اس سال کپاس کی فصل بھی ہدف سے کم حاصل ہوگی۔ گندم کی فصل کو تو دوہرا صدمہ اٹھانا پڑا ہے۔ جنوری میں پڑنے والی سردی کی شدید لہر نے گندم کے پودے ہی جلا ڈالے۔ کہتے ہیں سردی کا بہترین علاج ہے کہ فصل کو پانی دے دیا جائے۔ اس سے درجہ حرارت معتدل ہوجاتا ہے۔ لیکن اس وقت پانی کہاں تھا۔ ڈیم تو بیوہ کی مانگ کی طرح خالی تھے۔ اب بارشیں ہورہی ہیں تو گندم کی فصل پھل دینے کے لیے تیار ہے۔ اسے اس وقت گرمی کی ضرورت ہے لیکن ان بارشوں سے اتنی ٹھنڈ ہوگئی ہے کہ مجبورًا دوہرا کھیس لے کر سونا پڑ رہا ہے پھچلے دو تین دن سے۔ ورنہ کمرے میں سونا ہی محال ہوتا جارہا تھا اس سے پہلے ۔

ملک کی آدھی آبادی اور چورانوے اضلاع خوراک کے بحران کا شکار ہیں۔ پھچلے ایک سال میں آٹے کی قیمت 28 فیصد اور چاول کی قیمت 48 فیصد بڑھ چکی ہے۔ مجھے یاد ہے آج سے صرف دس سال پہلے تک میرے نانا اور ماموں کے گاؤں اور آس پاس کے علاقے میں چاول کثرت سے کاشت کیا جاتا تھا۔ میں سانگلہ ہل کے علاقے کی بات کررہا ہوں جو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے شیخوپورہ سے کچھ ادھر واقع ہے جنکشن ہے اور اچھا خاصا شہر بن چکا ہے۔ لیکن اب پانی کی کمی کی وجہ سے چونا (چاول کی فصل چُونا نہیں چونا پیش کے بغیر) کاشت کرنا موقوف کردیا گیا ہے۔ بہت کم جگہ سے چاول کی سوندھی خوشبو اٹھتی محسوس ہوتی ہے۔

آنے والا وقت نہ جانے ہم پر کیسی آزمائشیں لارہا ہے۔ لیکن اس کا دیباچہ ہی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے۔ پاکستان، چین، افغانستان، بھارت، نیپال اور بھوٹان جیسے ممالک ہمالیہ کے گلئیشیرز سے نکلنے والے دریاؤں سے پانی حاصل کرتے ہیں۔ عالمی موسمی تبدیلیوں نے ان کے پگھلنے کی رفتار کو بہت تیز کردیا ہے۔ ایک طرف جہاں بنگلہ دیش جیسے علاقے سطح سمندر بلند ہونے سے ڈوب جائیں گے وہاں پاکستان جیسے علاقے پانی نہ ہونے کی وجہ سے شدید غذائی بحران کا شکار ہوجائیں گے۔ دنیا کے قریبًا تین ارب افراد ان ممالک میں رہتے ہیں۔ ہمالیہ کی جھیلیں جو گلیشئیرز کے پگھلنے سے وجود میں آتی ہیں اپنی گنجائش سے زیادہ بھر رہی ہیں اور آئندہ پانچ سے دس برس میں یہ اپنے کناروں سے چھلک کر کروڑوں لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کردیں گی۔ اربوں ڈالر کی املاک تباہ ہوجائیں گی اور شدید سیلابوں سے ایک وسیع علاقہ زیر آب آکر تباہ ہوجائے گا۔ جس حساب سے یہ گلیشئیر پگھل رہے ہیں لگتا ہے ہمالیہ کا دامن ان سے خالی ہوجائے گا۔ پھر بارشیں ہوا کریں گی اور سیلاب کی صورت میں سمندروں کی نذر ہوجایا کریں گی۔

پاکستان کو اپنے پانی کے ذخائر کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ورنہ ہمارے پلے ککھ نہیں رہے گا اور پاکستان سے زندہ بھاگ جیسے نعرے سچ ثابت ہوجائیں گے۔ اس وقت ڈیموں کی تعمیر جنگی بنیادوں پر کرنے کی ضرورت ہے۔ سندھ کے زیریں علاقوں کے رہنے والوں کو اعتراض ہے کہ پانی روکنے سے ڈیلٹا کا علاقہ تباہ ہورہا ہے۔ اوپر والے یہ شور مچاتے ہیں کہ اتنا پانی ضائع ہوجاتا ہے۔ اس سلسلے میں ایک وسیع مذاکرے کا اہتمام ہونا چاہیے۔ ڈیم ضرور بننے چاہیئں چاہے ان سے نہریں نہ نکلیں بلکہ پانی واپس دریا میں ہی ڈال دیا جائے تو کچھ برا نہیں۔ پاکستان میں ابھی سے نظر آرہا ہے کہ پانی ایک مخصوص وقت میں وافر مقدار میں ہوتا ہے اس کے بعد کوئی چار ماہ ہمیں ہاتھ ملنا پڑتے ہیں۔ مجھے یاد نہیں پچھلے دس سال میں کبھی ڈیم اس طرح خالی ہونے کے بارے میں سنا ہو۔ تربیلا اور منگلا کی گنجائش تیزی سے کم ہورہی ہے۔ گار اور مٹی نے ان کی جھیلوں کی گنجائش بہت کم کردی ہے۔ کبھی کبھی میں سوچا کرتا ہوں اگر ان کی بھل صفائی ہی کردی جائے تو بہت سی گنجائش نکالی جاسکتی ہے۔ لیکن یہ خالی ہی تو نہیں ہوجاتے۔ ڈیڈ لیول تلے پانی ہوتا تو ہے جو کہ اچھا خاصا ہوتا ہے۔ تاہم ان کی صفائی کرنا ناممکن نہیں ہونا چاہیے۔ اگر اس کا کوئی طریقہ نکل آئے تو ہم شاید آئندہ بحرانوں کو کچھ وقت کے لیے ٹال سکیں۔

وقت بہت تیزی سے ہمارے خلاف ہوتا جارہا ہے۔ اگر ہم نے اس کے ساتھ چلنے کی کوشش نہ کی تو ہمیں اس کی بہت بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ کاش یہ بات ہماری سمجھ میں آجائے۔ کاش ہم کچھ کرلیں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے۔