جمعہ، 12 دسمبر، 2008

اور اپگریڈ ہوگئی

عمار کے بلاگ سے اپگریڈ پلگ ان کے بارے میں پڑھا اور آج صبح قریبًا دس منٹ لگا کر اپنے بلاگ کو ورڈپریس 2.7 پر اپگریڈ کرلیا۔
شکریہ عمار۔

منگل، 9 دسمبر، 2008

دسمبر

پھر دسمبر آرہا ہے

تیری یادوں سے سُلگتا

ستم بر آرہا ہے

پھر دسمبر کے برف زاروں میں

تیری یادوں کی ارتھیاں اٹھائے

ہم بھٹکتے پھریں گے

پھر انھیں جلاتے جلاتے

خود کو شمشان بنا ڈالیں گے

اپنے آپ کو ہی جلا ڈالیں گے

اور تیری یادیں آسیب بن کر

پھر ہم سے چمٹ جائیں گی

پھر اک نیا سال ہوگا

پھر وہی فرقتوں کے غم ہونگے

پھر وہی انداز

تیرے اے صنم ہونگے

پیر، 8 دسمبر، 2008

عید مبارک

تمام احباب کو عید الاضحٰی کی خوشیاں مبارک۔

مہنگائی، بے روزگاری، لوڈ شیڈنگ، بم دھماکے، دہشت گردی اور اس جیسے کئی عوامل کے باوجود عید تو ہے۔

پاکستان کے سینکڑوں سکالرزکو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے اداروں کو فنڈز اور سہولیات فراہم  کرنے والے کمیشن  ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے مالی بحران کے پیش نظر رواں سال غیر ملکی سکالرشپس حاصل کرنے والے سینکڑوں سکالرز کو بیرون ملک بھیجنے سے روک دیا، تمام سکالرز کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا، سینکڑوں طلباء اعلیٰ کارکردگی، ٹیسٹ، انٹرویو کے بعد ایچ ای سی کی بیرون ملک ایم اے، ایم فل کی سکالرشپ حاصل کرنے کیلئے منتخب ہوئے تھے اور چند دنوں میں بیرون ملک روانہ ہونا تھا لیکن مالی طور پر غیر مستحکم ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے تمام سکالرز کو اپنے پروگرام ملتوی کرنے کے بارے آگاہ کر دیا کیونکہ ایچ ای سی فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے طلباء کی مالی امداد نہیں کر سکتا۔

رپورٹ کے مطابق چند سکالرز نے عید کے فوراً بعد سترہ اور اٹھارہ دسمبر کو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لئے روانہ ہونا ہے جبکہ اٹلی، جرمنی اور فرانس کی سکالرشپ حاصل کرنے والے درجنوں طلباء نے ضروری قرار دیا جانے والا چھ ماہ کا لینگجویجز کورس بھی مکمل کر لیا۔ ایچ ای سی کی طرف سے گزشتہ پانچ سالوں میں مالی بدعنوانیوں اور من پسند اداروں کو اربوں روپے کے فنڈز کی فراہمی کی وجہ سے سکالرشپ پر جانے والے طلباء کو مالی امداد فراہم کرنے میں ناکام ہو گیا۔

ایچ ای سی کے اعلیٰ افسر کے مطابق ادارہ بمشکل پہلے سے بیرون ملک بھیجے جانے والے طلباء کو مالی امداد فراہم کر رہا ہے جو دنیا کی بڑی جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں سکالرشپ پر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں رپورٹ کے مطابق ایچ ای سی نے مالی بحران کی وجہ سے مستقبل میں بھی تمام سکالرشپس کے پروگرامز اور دو سو پچاس مختلف اکیڈیمک اور انفراسٹرکچر کے منصوبے بھی منسوخ کر دیئے ہیں اس وقت ایچ ای سی کو دس ارب روپے کے شدید مالی بحران کا سامنا ہے

القمر پر فائل ہونے والی یہ خبر بلاتبصرہ