جمعہ، 29 دسمبر، 2006

لینکس تعارف( لینکس کی تنصیب سلسلے کا پہلا سبق)

کمپیوٹر استعمال کرنے والوں نے لینکس کا نام اکثر سنا ہوگا۔۔ لینکس ایک اوپن سورس یعنی آزاد مصدر خدمتگا نظام( آپریٹنگ سسٹم) ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر یہ آزاد مصدر ہے اور خدمتگار نظام بھی ہے تو اس کا ہمیں کیا فائدہ ہے۔ جب ونڈوز موجود ہے اور چل رہا ہے ،ہر کوئی اس کو استعمال کرنا جانتا ہے ہر چیز نارمل ہے تو پھر لینکس ہی کیوں؟ اس لیے کہ: لینکس استعمال کرتے ہوئے آپ کسی قسم کی چوری کے مرتکب نہیں ہوتے۔۔چوری؟ جی ہاں چوری! آپ جانتے ہیں کہ ونڈوز ایکس پی یا 2000 یا 98 کی سی ڈی جو آپ 20 سے 30 روپے میں حاصل کرتے ہیں ان کی اصل قیمت کیا ہے؟ ان کی اصل قیمت ہزاروں میں ہے۔اور ہم ان کی پائریٹڈ یا آسان الفاظ میں غیر قانونی طور پر کی گئی نقول استعمال کرتے ہیں۔ اگر ایکس پی کی سی ڈی 10000 روپے کی ہے تو آپ کتنے روپے کی چوری کے مرتکب ہورہے ہیں؟ حقیقت آپ کے سامنے ہے۔ یہ بحث کہ سب ہی ایسا کرتے ہیں، کون دیکھتا ہے اس کو، انگریز بھی تو ہمارا مال کھا رہے ہیں بالکل بودے بہانے ہیں اور حقیقت سے فرار کی لاحاصل کوششیں ہیں۔ لینکس استعمال کرتے ہوئے آپ کو کسی بھی قسم کا سیکیورٹی رسک لاحق نہیں ہوتا۔ہمارا مقصد ونڈوز کی برائیاں کرنا نہیں لیکن یہ بات ثابت شدہ ہے کہ لینکس کی تمام قسمیں ونڈوز سے ہزاروں گنا زیادہ محفوظ ہیں۔ لینکس کی کسی بھی قسم کی بنیادی تنصیب (انسٹالیشن) کے ساتھ ہی درجنوں عمومی ضرورت کے سافٹویر نصب ہوجاتے ہیں جن کے لیے ونڈوز میں کئی جگہ دھکے کھانے پڑتے ہیں۔جیسے سی ڈی برنر لینکس پر کسی کی اجارہ داری نہیں اس لیے اس کو کوئی بھی تقسیم کرسکتا ہے، بدل سکتا ہے جس کی وجہ سے اس میں جتنی جلد ترقی ہوتی ہے کسی دوسرے نظام میں کم ہی ممکن ہے۔ یہ کچھ فائدے تھے جولینکس استعمال کرنے والے کو ملتے ہیں۔۔لیکن اگر آپ بطور مسلمان سوچیں تو حلال راستہ یہی ہے کہ یا تو ونڈوز خرید کر استعمال کیا جائے یا اگر استطاعت نہیں تو لینکس جیسا کوئی نظام استعمال کیا جائے جو قانونًا ایسی کوئی پابندی نہیں رکھتا کہ اسے خریدا ہی جائے۔ چلیں یہ تو قصیدے تھے جو ہم نے لینکس کی شان میں پڑھے اب ہم دیکھتے ہیں کہ ایک عام صارف کو یا سیدھے لفظوں میں ایک ونڈوز کے صارف کو لینکس استعمال کرتے ہوئے کیا مشکلات پیش آئیں گی۔ لینکس بنیادی طور پر ایک انتہائی غیر صارف دوست خدمتگار نظام کے طور پر مشہور ہے۔ایک لطیفہ کبھی گلوبل سائنس کے صفحات پر ہی پڑھا تھا کہ ایک صاحب کمپیوٹر لینے چلے گئے۔ ڈیلر نے پوچھا سر کونسا آپریٹنگ سسٹم پسند کریں گے صاحب بولے کوئی بھی کردو۔ ڈیلر بڑا متاثر ہوا کہ لائق بندہ ہے اس نے لینکس آپریٹنگ سسٹم نصب کردیا۔ صاحب کمپیوٹر لے کر گھر چلے گئے ۔ کچھ دنوں بعد ان ڈیلر کا گزر ایک جگہ سے ہوا تو ایک جگہ ایک پاگل نظر آیا جو لی لو لی لوکررہا تھا اور بچے اس کو پتھر مارتے تھے۔ حال دریافت کرنے پر پتا چلا کہ یہ صاحب کمپیوٹر لینے گئے تھے اور اس پر لینکس نصب کروا لیا۔ کچھ ہی دن میں یہ حال ہوگیا کہ ہر بات کے جواب میں لی لو لی لو کرتے ہیں۔ خیر یہ تو ایک فکاہیہ تھا اصل میں لینکس اتنا مشکل بھی نہیں۔ ہمارے ایک لینکس دار دوست فرمایا کرتے ہیں کہ لینکس مشکل نہیں مختلف ہے۔ اور ہم ان کی بات سے متفق ہیں۔ لینکس میں یہ ضرور ہے کہ اب بھی کچھ گُرو تصویری مواجے( گرافک انٹرفیس) کی جگہ تحریری مواجے ( کمانڈ لائن انٹرفیس) کو ترجیح دیتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ لینکس سارا ایم ایس ڈوس جیسی کوئی چیز ہے۔ آج سے کوئی آٹھ دس سال پہلے ایسا ہی تھا لیکن اب وہ زمانے لد گئے اب آپ اسی فیصد سے زیادہ کام تصویری مواجے میں رہ کر کرسکتے ہیں۔ لیکن تحریری مواجے کو پھر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس کی ایک وجہ بھی ہے اور وہ یہ کہ لینکس والوں کے خیال میں جو کام ایک سطر کی کمانڈ سے کیا جاسکتا ہے اس کے لیے آٹھ دس کلک وقت کا ضیاع ہے۔ لیکن یہ آپ کی مرضی پر ہوتا ہے کہ آپ کیا استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔ جیسا دیس ویسا بھیس کے مصداق آپ جوں جوں لینکس کو استعمال کرتے جاتے ہیں یہ سب کچھ نارمل لگنے لگتا ہے۔ لینکس کے بارے میں ایک اور غلط فہمی یہ ہے کہ اس کی تنصیب بہت مشکل ہے۔ اس کے لیے ایک عدد سویپ پارٹیشن چاہیے ہوتی ہے جس کو بنانے سے ہارڈ ڈسک پر ڈیٹا اڑ سکتا ہے،یا کوئی اور مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ آج کل لینکس کے اتنے آسان تنصیب کار آگئے ہیں جو دس منٹ میں تنصیب کردیتے ہیں اور پارٹیشن بنانے کا کام بھی خود ہی کرلیتے ہیں۔ لینکس پر سافٹویر نہیں ملتے۔ یاہو میسنجر کو ہی لے لیں اس کا لینکس ورژن کوئی تین سال پرانا ہے اور فیچر بھی محدود سے دیتا ہے جبکہ ونڈوز پر اس کا ورژن آٹھ دستیاب ہے اب۔ یہ بات بجا ہے کہ لینکس کے سلسلے میں سافٹویر ساز کمپنیاں سوتیلے پن کا سا سلوک کرتی ہیں لیکن لینکس والوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہر سافٹویر کے متبادل بنا لیے ہیں اس لیے کسی سافٹویر کی کمی کم ہی محسوس ہوتی ہے۔ لینکس پر سافٹویر کی تنصیب جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ لینکس کے فورم پر جائیں تو آگے کمانڈ کا ڈھیر رکھ دیا جاتا ہے یہ کر لو وہ کرلو۔ صارف چکرا جاتا ہے بلکہ چکرا کر بھاگ جاتا ہے۔ اصل میں لینکس میں سافٹویر کی تنصیب ایک خاص انداز سے ہوتی ہے ۔ ونڈوز والے ایک عدد تنصیب کار کی توقع کرتے ہیں جو ڈبل کلک سے چلے اور نیکسٹ نیکسٹ کرکے سب کچھ نصب کردے۔ لینکس میں ہر ایرے غیرے کو منہ اٹھا کر نظام میں گھسنے کی اجازت نہیں۔ لینکس کی ہر قسم(ڈِسٹرو) کے ذمہ داران اپنی ڈسٹرو کے لیے آنلائن سافٹویر رکھتے ہیں۔ یہ سافٹویر مختلف سرورز پر رکھے جاتے ہیں اور ان کو مختلف زمروں میں بانٹا گیا ہوتا ہے ا
ور یہ ریپازٹری کہلاتے ہیں۔چناچہ صارف کو جو بھی نصب کرنا ہوتا ہے وہ پیکج مینجر کے ذریعے تلاش کرکے اسے نصب کرنے کا آرڈر دے دیتا ہے اور آگے کام پیکج مینجر کا ہوتا ہے کہ وہ اتارے اور نصب کرے۔ پیکج مینجر جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ ایسا سافٹ ویر جو پروگرام اور اطلاقیوں ( ایپلی کیشنز) کو نصب کرنے اور ختم کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے۔ لینکس میں اگر کوئی سافٹویر باہر سے نصب کرنے کے لیے حاصل کر بھی لیں تو نصب نہیں ہوتا کہ اس کی انحصاریتیں مکمل نہیں ہوتیں۔ انحصاریت یعنی ڈیپینڈینسی کا مطلب ہے کہ سافٹویر جس جس چیز پر انحصار کرتا ہے۔ جیسے ایم پی تھری گانے چلانے کے لیے کسی میڈیا پلئیر کو ایک عدد ایم پی تھری ڈی کوڈر کی ضرورت ہوگی۔ یا ڈاٹ نیٹ پر مشتمل اطلاقیوں کو چلانے کے لیے ونڈوز پر م س ڈاٹ نیٹ فریم ورک نصب کرنا پڑتا ہے۔ اس سب سے بچنے کے لیے ہمیشہ پیکج مینجر استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے یا اکثر سافٹویر کی ریڈ می میں بتایا گیا ہوتا ہےکہ اس سافٹویر کو چلانے کے لیے فلاں فلاں انحصاریت چاہیے چناچہ صارف اسے نصب کرلیتا ہے سو یہ بھی کوئی ایسی بات نہیں۔ لینکس پر ایک بہت بڑا مسئلہ ڈرائیورز کی عدم دستیابی ہے۔ ڈرائیور ہارڈ ویر کو چلانے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں لینکس چونکہ آزاد خدمتگار نظام ہے اس لیے اس کو کمپنیاں کم ہی سپورٹ کرتی ہیں چونکہ انھیں لینکس کی طرف سے کسی رائلٹی کی توقع نہیں ہوتی دوسری طرف ونڈوز میں ہر قسم کےہارڈ ویر کی سپورٹ موجود ہوتی ہے اور اس کی ڈرائیور ڈیٹابیس بہت بڑی ہوتی ہے۔ یہ ایک مسئلہ تو ہے لیکن اتنا بڑا نہیں۔ اگر آپ کا سسٹم بہت زیادہ پرانا نہیں(یعنی پی ون یا پی ٹو یا اس کے سن کا نہیں) تو فکر مند نہ ہوں اس کے سارے ڈرائیورز کا لینکس میں موجود ہونے کا اسی فیصد امکان ہے۔ آپ ان کو سسٹم کی تنصیب کے بعد بھی حاصل کرکے نصب کرسکتے ہیں۔مزید تسلی کے لیے آپ ان کے فورمز پر جاکر اپنی ہارڈویر کی تفاصیل دے کر ان کی سپورٹ کے بارے میں استفسار بھی کرسکتے ہیں۔ بلکہ اچھی قسمیں جیسے اوبنٹو وغیرہ کی ویب سائٹس پر یہ سہولت موجود ہے کہ آپ اپنے ہارڈویر کی سپورٹ کے بارے میں معلومات حاصل کرلیں۔ لینکس چلے گا تو میرے ونڈوز سسٹم کا کیا ہوگا؟ یا میں اگر ونڈوز کو بھی ساتھ ہی استعمال کرنا چاہوں تو؟ اس کا بھی کوئی مسئلہ نہیں۔ دوہرا یعنی ڈوئل بوٹ لینکس میں عام سی بات ہے۔ ایک ڈرائیو میں ونڈوز نصب ہے اور کسی بھی دوسری ڈرائیو میں لینکس نصب کرلیں۔ لینکس کا بوٹ لوڈر گرب یا لی لو آپ کو یہ سہولت دیتے ہیں کہ ونڈوز سسٹم کو بھی بوٹ مینیو میں فعال رکھیں اور یہ سارا کام بوقت تنصیب خودکار انداز میں ہوتا ہے چناچہ اگر ونڈوز کا کوئی ورژن پہلے سے نصب شدہ ہے تو وہ بھی بوٹ کے وقت ایک آپشن کے طور پر ظاہر ہوجاتا ہے چاہے لینکس چلائیں یا ونڈوز ایسے ہی جیسے کبھی ایکس پی اور 98 کا ڈوئل بوٹ بہت مقبول ہوا تھا۔ اور آخری مشکل جو صارف کو پیش آسکتی ہے وہ ہے لینکس کا انٹرنیٹ پر بہت زیادہ انحصار اور عمومًا نیٹ ورک ایڈمنز کا اسے انٹرنیٹ تک مکمل رسائی نہ دینا(ڈائل اپ کی صورت میں یہ مسئلہ نہیں ہوتا یہ کیبل نیٹ کی بات ہورہی ہے)۔ لینکس کی عمومی اور مقبول قسمیں تنصیب کے بعد سب سے پہلے تازہ کاری یعنی اپڈیٹ کا مشورہ دیتی ہیں۔ نیز عمومی نوعیت کے کئی سافٹویر جو بنیادی تنصیب میں شامل نہیں ہوتے براہ راست سرور سے حاصل کرنا پڑتے ہیں چونکہ لینکس کے سافٹویر سی ڈیز پر کم از کم ہمارے ہاں تو دستیاب نہیں۔ہمارے ڈائل اپ صارفین کے لیے یہ کافی مشکل ہوسکتا ہے لیکن ڈاؤنلوڈ مینجر سے اس کا کچھ نہ کچھ حل نکل آتا ہے دوسر ے پیکج مینجر بھی ایک بار جتنا پروگرام اتار لے اگلی بار وہیں سے آگے اتارنا شروع کرتا ہے (یاد رہے پہلے اتارا جاتا ہے پھر نصب کیا جاتا ہے اور آپ کے پاس یہ انتخاب ہوتا ہے کہ پیکج کو صرف اتاریں نصب بعد میں کریں)۔ کیبل نیٹ پاکستان میں بہت مقبول ہورہا ہے اور چھوٹے شہروں میں بھی ڈی ایس ایل پر کیبل نیٹ چلایا جارہا ہے۔ اس کے ساتھ لینکس سسٹم منسلک کرنا بھڑوں کے چھتے میں ہاتھ ڈالنا ہے۔ یہ نیٹ ورک خالصتًا ونڈوز پر چلتے ہیں اور ان کے منتظمین بھی ونڈوز کلائنٹ کو رکھنا پسند کرتے ہیں یا لینکس کے لیے سیٹنگ میں مناسب تبدیلی کرنے کے بارے میں لاعلم ہوتے ہیں۔ لیکن ڈھونڈنے سے تو خدا بھی مل جاتا ہے تو کوئی نہ کوئی ایسا نیٹ ورک مل جاتا ہے جو لینکس سے بھی مکمل انٹرنیٹ استعمال کرنے کی اجازت دیتا ہے یا آپ کے لیے اپنی سیٹنگ اتنی تبدیل کرلیتا ہے۔ اگر آپ کو ایسا مسئلہ درپیش ہے تو ہم کچھ نسخے بتائیں گے جس سے کافی افاقے کی امید ہے لیکن یہ سب بنیادی وضع قطع کے بعد ہوگا۔خود ہم ذاتی طور پر کیبل نیٹ استعمال کرتے ہیں اور لینکس سے کرتے ہیں ہمارے نیٹ ورک ایڈمن نے ہمیں روٹر سے براہ راست رسائی دے رکھی ہے جس پر ہم اس کے بہت مشکور ہیں۔ یہ لینکس کا ہلکا سا تعارف تھا اور اس کے بارے میں وہ چند غلط فہمیاں جو عمومًا پائی جاتی ہیں یا پائی جانے کا امکان ہے۔ اگلی بار ہم انشاءاللہ اس کی کسی مقبول قسم کو لے کر اس کی تنصیب اور بعد میں مکمل وضع کرنے(کنفگریشن) تک تفصیل سے جانیں گے۔


 

منگل، 26 دسمبر، 2006

فاکس مارکس فائر فاکس کا ایک عمدہ دخیلہ

فائر فاکس بلاشبہ اس وقت آزاد مصدر میں مقبول ترین ویب براؤزر ہے۔۔اس کی بے شمار خوبیوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ آپ اس کی خوبیوں کو اپنی مرضی کے مطابق اضافتیں اور دخیلے شامل کرکے بڑھا سکتے ہیں۔۔۔یونہی ایک دن میں نے بک مارکس والا مینیو کھولا تو وہاں لکھا تھا Get Bookmark Addons۔۔
میں نے فورًا اس پر کلک کیا اور سیدھا متعلقہ صفحے پر پہنچ گیا۔ اور تو کوئی مجھے پسند نہ آیا لیکن فاکس مارکس واقعی کام کی چیز نکلی۔۔
یہ دخیلہ نصب ہونے کے بعد آپ کو بک مارکس سرور پر چڑھانے کی اجازت دیتا ہے۔۔اور مزے کی بات بالکل مفت۔۔
اسے نصب کریں اپنے براؤزر کو دوبارہ چلائیں اور ایک فاکس مارکس کا بھوتنا نمودار ہوجائے گا(وزرڈ کے لیے یہ لفظ ابھی ابھی ذہن میں آیا ہے۔ ;) ) اس پر آپ ایک نیا کھاتہ بنا لیں اور اس کے بعد فاکس مارکس ہمیشہ پس منظر میں کام کرتا رہے گا۔۔۔جیسے ہی آپ نیا نشان زدہ ربط شامل کریں گے یہ فورًا اسے سرور پر چڑھا دے گا۔۔اس کے بعد اس کے جہاں سے مرضی حاصل کرلیں جاکر۔۔
میرے ساتھ تو ایسے ہے کہ دو سسٹم ہیں ونڈوز بھی اور لینکس بھی سو مجھے دونوں پر اپنے نشان زدہ صفحات ایک جیسے رکھنا پڑتے ہیں اور اس کا یہ بہترین حل ہے۔۔بس نئے سسٹم پر جاکر فاکس مارکس سے داخل ہوکر وہ فائل اتارنا ہوگی جو یہ خود ہی اتار لے گا۔۔آپ کا کام صرف کلک کرنا ہے اور اس کے بعد جہاں جہاں جس طرح آپ نے نشان زدگیاں شامل کی تھیں ویسے ہی نمودار ہوجائیں گی۔۔جیسے بک مارک ٹول بار میں الگ سے اور بک مارک مینیو میں الگ سے۔۔
ایک اور بات اس کا دخولی نظام معاملاتی حساس قسم کا ہے چناچہ اگر آپ نے کھاتہ اس طرح بنایا ہے کہ اس میں بڑے اور چھوٹے دونوں انگریزی حروف شامل ہیں تو ہر بار داخل ہوتے وقت آپ کو ترتیب وہی رکھنا ہوگی ورنہ فاکس مارکس اسے اسم صارف کی غلطی سمجھے گا۔۔
موج کریں لیکن اپنے خرچے پر۔۔ ;) ;)
وسلام

بہت دنوں بعد۔۔

آج بہت دنوں بعد دوبارہ بلاگ پر کچھ لکھ رہا ہوں۔۔
بنیادی طور پر میں ایک غیر مستقل مزاج انسان ہوں۔۔جس چیز کا بھوت سوار ہوجائے سر پر بس وہی دنیا ہے باقی سب غیر اہم۔۔
بلاگ پر نہ لکھنے کو دل کیا تو کئی ہفتے سے سُونا پڑھا ہوا تھا۔۔
کچھ ہمارے تھیم کی آنکھ مچولیاں۔ لینکس سسٹم کی تنصیب اور ہماری ہارڈ ڈسک و نیٹ کے سکتے۔۔سب نے مل کر اس طرف سے غافل رکھا۔ لیکن آخر ہم نے ایک دین غیرت کھاکر کئی تھیم اتارے اور ان میں سے ایک کو پسند کرکے اردوا لیا۔۔اللہ کا شکر ہے کہ اتنا پیچیدہ تھیم نہیں تھا پہلی کوشش ہی کارگر رہی۔۔
اس میں بھی حسب معمول نیلا رنگ نمایاں ہے جو میری کمزوری ہے۔۔نیلا رنگ مجھے لامتناہی سکون کا احساس دلاتا ہے ۔۔خیر رنگ و روشنی کی باتیں تو چلتی رہیں گی اس پوسٹ سے تو اپنے ہونے اور واپسی کی خبر دینا مقصود تھا۔۔
انشاءاللہ اب باقاعدگی سے لکھوں گا۔۔
پچھلے کئی ماہ سے لینکس کی تنصیب اور بنیادی وضع قطع کرنے پر کچھ لکھنے کا ارادہ کررہا تھا آخر آج اس کی ابتدا کررہا ہوں۔۔۔کل یا آئندہ ایک دو دنوں میں میری اگلی پوسٹ کے اوبنٹو لینکس کی تنصیب اور اس کی بنیادی وضع قطع کے سلسلے میں ہوگی۔۔میرے سارے تجربات، مشاہدات اور کٹھنائیاں جو مجھے جھیلنا پڑیں اور سب سے بڑھ کر میرے نیم حکیمی مشورے امید ہے لینکس کے شائق دوستوں کو کچھ نہ کچھ فائدہ دے جائیں گے۔۔
اب چلوں آپ کا بہت سارا سر و وقت کھا لیا۔۔
دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔
وسلام

جمعہ، 1 دسمبر، 2006

ونٹر ڈے کی آنکھ مچولیاں

ہمارا تھیم ونٹر ڈے کئی دنوں سے تنگ کررہا تھا۔ احباب نے اکثر شکایت کی کہ تبصروں کا قطعہ ٹھیک نہیں نظر آتا اور کبھی تبصرہ ہی ٹھی
لکھا نہیں جاتا کہ ویب پیڈ درست کام نہیں کررہا ہوتا۔
لیکن ہم پرسکون تھے کہ چلو ہمارے پاس تو ٹھیک ہے۔
مگر وائے ری قسمت ہارڈ اڑی اور دوبارہ سے ونڈوز کی تنصیب کے بعد سارا کچھ غلط ملط ہوگیا۔
اس کا حلیہ تو ہم نے ٹھیک فرما لیا لیکن اب اس کا کمنٹس والا سانچہ مسئلہ کررہا ہے جس کی وجہ سے تلاش خانہ اور تبصرہ جاتی قطعہ عجیب بے ڈھنگے سے ہوگئے ہیں۔ ہم نے انھیں ٹھیک کرنے کی بہتیری کوشش کی لیکن کمبخت ہاتھ نہیں آئے۔
کوئی بات نہیں ہم انھیں ٹھیک فرماتے ہیں پرانا نسخہ یعنی پورا تھیم دوبارہ سے اردو کرو اور چڑھاؤ آزماتے ہیں۔
ہمارے حساب سے ونٹرڈے خاصا ناقابل بھروسہ قسم کا تھیم ہے لیکن کمبخت سادہ سا تو ہے اور اب ہمارے قارئین کو بھی عادت ہوچلی ہے اس تھیم میں ہمارا بلاگ دیکھنے کی اس لیے ہم اسے ہی دوبارہ سے سیٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں دعا کیجیے گا کہ یہ ٹھیک کام کرنے لگے اتنی دیر تک آپ تبصروں کے لیے پاک نستعلیق اور دیکھنے کے لیے بنیادی کربک تھیم جو کہ ایشیا ٹائپ میں ہے پر گزارہ کریں۔
وسلام۔