بدھ، 24 اکتوبر، 2012

یادیں

ارسال کردہ از Muhammad Shakir Aziz بوقت 4:25 PM ,
جانے والے چلے جاتے ہیں اور یادیں رہ جاتی ہیں۔ ابھی ہنستا کھیلتا لڑتا جھگڑتا آتا جاتا وجود، ابھی وہی وجود بے جان ہو کر سامنے پڑ اہوتا ہے۔ کہتے ہیں کہ وقت بہت بڑا استاد ہے۔ پر موت بھی بہت بڑ ا استاد ہے جی۔ ایسے ایسے سبق پڑھا جاتی ہے کہ ساری عمر نہیں بھولتے۔ پیچھے پچھتاوے، سوچیں اور رونے رہ جاتے ہیں۔ جب کوئی اپنا آنکھوں کے سامنے جان دے دے، ہاتھوں میں سانس کی ڈور منقطع کر ڈالے، جب زندگی بھرا وجود پل بھر میں کھگھا بن جائے۔ تب کی وہی جانتاہے جس پر یہ بیتتی ہے۔ باقر فوت ہو گیا، کئی احباب نے فون کیے، کئی نے میسج، فیس بک، ای میل، ذاتی ملاقات میں تعزیت کی۔ سب کی بڑی مہربانی، انہوں نے یاد رکھا۔ اللہ اس بچے کی مغفرت کرے۔ اس کے جانے کے بعد احساس ہوا کہ وہ کتنا اجنبی تھا۔ ایک گھر میں اٹھارہ سال ساتھ رہنے کے بعد، اچانک چلا گیا۔ اس کے جانے پر کونسی آنکھ ہے جو اشک بار نہیں تھی۔ عجیب بات ہے کہ میرے سامنے اس کی ڈیڈ باڈی پڑی تھی اور میں ہاتھ میں موبائل پکڑے کبھی کسی کو فون کروں کبھی کسی کو۔ خالہ کو بتایا، فلاں کو بتایا۔ ہر کسی نے رو لیا لیکن میں نہ رو سکا۔ بے حسی تھی، صبر تھا یا میں نے اسے اپنے ہاتھوں میں مرتے نہیں دیکھا۔ میرے اندر اب بھی بس کبھی ابال سا اٹھ جاتا ہے لیکن اب تک میری آنکھوں سے آنسو نہیں گر سکے۔ دل کرتا ہے کہ کچھ لکھوں۔ لیکن کیا لکھوں۔ اس کے جانے پر اب کیا لکھوں۔ اب بھی یہ چند سطریں اس لیے گھسیٹ رہا ہوں کہ کراچی سے اردو بلاگر انیقہ ناز کی وفات کی خبر آ گئی۔ ان کے برادرِ نسبتی کے فیس بک اسٹیٹس سے ایکسیڈنٹ کے ذریعے موت کا پتا چلا۔ پیر کو وہ انتقال کر گئیں۔

اردو بلاگنگ میں ان لوگوں میں سے تھیں جن کا میں دلی احترام کرتا تھا۔ سارے بلاگر قابل احترام ہیں، لیکن کچھ لوگوں کا باقاعدہ قاری تھا۔ ان بلاگ بھی ان میں سے ایک تھا۔ اب اردو بلاگنگ میں ننھی پری کی چھوٹی چھوٹی باتیں کوئی نہیں لکھے گا۔ مختلف اور ترقی پسند (یا سیکولر قسم) کی تحاریر کوئی نہیں لکھے گا۔ متبادل نقطہ نظر، اور جسے پڑھ کر اکثر بلاگروں کو آگ لگ جاتی تھی، اس کا ایک ذریعہ ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گیا۔ اللہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔ موت بہت بڑا دکھ ہے جی، پر جوان موت اس سے بھی بڑا دکھ۔ اگلوں پچھلوں کو توڑ کر مٹی کر دیتی ہے۔ جس کے سامنے کوئی اپنا بھری جوانی میں رخصت ہوا ہو یہ اسی کو پتا ہوتا ہے کہ جوان موت کا غم کیا ہوتا ہے۔ بیٹا، بھائی، باپ، ماں، بہن ان میں سے کوئی بھری جوانی میں چلا جائے تو پیچھے رہ جانے والے ساری عمر اس کے شاک سے نہیں نکل سکتے۔ اللہ ان کی بچی کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ مرحومہ کے والدین اور خاوند کو حوصلہ اور صبر جمیل عطا کرے۔ پتا نہیں ان کی بچی ٹھیک ہے یا نہیں، اللہ اس کو دنیا کی تتی ہواؤں سے بچائے۔
 بہت بڑا غم ہے۔۔۔
 انا للہ و انا الیہ راجعون

Back Top

16 تبصرے:

  1. انا للہ وانا الیہ راجعون۔

  2. انا للہ و انا الیہ راجعون














  3. انا للہ و انا الیہ راجعون

  4. کیا؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟

    یا اللہ خیر۔۔۔۔۔یقین نہیں آ رہا کہ پرسوں تک ویب کی دنیا میں سرگرم فرد آج قبر میں پڑا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    اللہ ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو اس ھادثے سے نمٹنے کا حوصلہ۔۔۔آمین

  5. انا للہ وانا الیہ راجعون۔



  6. انا للہ وانا الیہ راجعون۔
    عنیقہ ناز کے ساتھ مرحومہ کا لفظ استعمال کرتے ہوئے بھی عجیب سا لگتا ہے۔ انکی اچانک موت سب کے لیے صدمہ کا باعث ہے۔
    اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرما اور ان سے عفو و درگزر کا معاملہ فرما۔ لواحقین خاص طور پر انکی ننھی بیٹی کو اس صدمہ کو بہادری سے جھیلنے کی توفیق عطا فرما۔

  7. انا للہ وانا الیہ راجعون۔
    نظریاتی اختلافات اپنی جگہ ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ محترمہ بہت حوصلے والی عورت تھی، عام مسائل میں انتہائ حساس. ہمدرد اور مثبت سوچ کی مالک تھیں، انکی سیکنڈ لاسٹ تحریر اس بات کی گواہ ہے. انکی تحریروں سے ھماری کافی دفعہ دل آزاری ہوئ، ھم سب اپنا حق انہیں معاف کرتے ہیں، اللہ ہماری کوہتایاں، لغزشیں بھی معاف فرماۓ، پہلی دفعہ اک انجان عورت جس کو ہم صرف نیٹ کی حد تک جانتے ہیں ' کی موت پر دل اتنا افسردہ ہے، اللہ انکے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرماۓ.

  8. مجھ سے مرحومہ کے کافی ٹکراؤ ہوتے رہتے تھے
    اکثر چھوٹی سی بحث بھی ہوئیں پر ایسی خبر کی امید بالکل بھی نہ تھی
    جیسی بھی تھیں ہماری ساتھی بلاگر تھیں
    موصوفہ کو مرحومہ لکھتے یقین نہیں آرہا
    کئی بار سوچا تفصیلی بات ہو گی ان سے کسی دن
    پر وہ دن نہ آسکا
    اللہ مرحومہ کی مغفر ت اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے
    مجھے 3 دن بعد علم ہو رہا ہے اس کا بھی افسوس ہے
    مجھے تو ان کی بچی کی بہت یاد آرہی ہے

    اللہ انیقہ کو جنت الفردوس میں اعلٰی مقام ور ان کی بیٹی کو نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے
    کہ جس سے مرحومہ کے درجات میں اضافہ ہو اور نیک اولاد صدقہ جریہ بن سکے

    آمین

  9. un ki beti kheriyat se hai.

  10. انا للہ و انا الیہ راجعون

  11. نظریاتی اختلاف اپنی جگہ مگر ڈاکٹر عنیقہ ناز عجب خاتون تھی، انہیں جو حق لگا، وہ کہہ دیا۔ نہ کوئی ڈر، نہ کوئی خوف۔ بہت ہی حوصلے والی اور بہادر خاتون تھی۔
    اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر دے۔ آمین

  12. Its very sad.. really sad! doesnt have enough words to express the sorrow .. May Allah rest her soul in peace ... inna lillahi wainna ilaihi rajeoon!

  13. انا للہ وانا الیہ راجعون۔

  14. حلاںکہ یہ خبر مجھے پہلے ہی مل چکی ہے مگر ناجانے کیوں آپکا مضمون پڑھ کر انکھیں تھوڑی دیر کے لیے نمناک ہو گیں۔

  15. اللہ تبارک وتعلیٰ سے دُعا ہے کہ وہ عنیقہ کے درجات بلند، موت سے بعد کی تمام منازل سہل اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائیں۔ اِسکے برعکس اللہ مشعل بیٹیا پر اپنی خصوصی رحمت فرمائے۔
    اِنا للہ وانا الیہ راجعون

  16. جی بہر اللہ پاک کرم فرما کر دونوں کی مغفرت فرمائے۔۔
    آمین

ایک تبصرہ شائع کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔