بدھ، 27 مارچ، 2013

اینڈرائیڈ کے لیے انگریزی اردو لغت

قارئین اس بلاگ کا خادم، یعنی شاکر عزیز اینڈرائیڈ کے پرانے عاشقوں میں سے ایک ہے۔ اگرچہ اینڈرائیڈ ایپل آئی او ایس کے مقابلے میں ذرا "سستا" آپریٹنگ سسٹم گردانا جاتا ہے، اور یار لوگ اس پر مال وئیر اور وغیرہ وغیرہ 'وئیرز' کے خطرات کی نشاندہی فرماتے رہتے ہیں، پھر بھی میرا دل اینڈرائیڈ ہی مانگتا ہے۔ اسی عشق خانہ خراب کا شاخسانہ ایک عدد سام سنگ گلیکسی وائے اور پھر ایک عدد نیکسس سیون کی صورت میں میرے ہاں ظاہر ہو چکا ہے۔ اینڈرائیڈ چونکہ اب میری روزمرہ زندگی کا عمومی حصہ ہے تو اس کے لیے چھوٹے چھوٹے پروگراموں کی تلاش بھی رہتی ہے۔ انہیں میں سے ایک لغات کی تلاش ہے۔ پڑھتے ہوئے، براؤزنگ کرتے ہوئے، فلم دیکھتے ہوئے مجھے اکثر انگریزی سے انگریزی اور انگریزی سے اردو لغات کی ضرورت پڑی۔ انگریزی کے لیے تو مریم ویبسٹر کی بڑی شاندار ایپ موجود ہے۔ لیکن برا ہو اردو والوں کا اول تو کوئی ایپ دستیاب نہیں تھی، اگر ہونا شروع ہوئیں تو ان میں ڈھٹائی کی آخری حدوں کو بھی پار کر کے اشتہارات ٹھونسے ہوئے تھے۔ یعنی نستعلیقیت کا کوئی زمانہ ہی نہیں، ڈویلپر یہ سمجھتے ہیں کہ صارف کی ناک میں بھی چار پانچ اشتہار ٹھونس دئیے جائیں تو کم رہے گا۔ خدا کا غضب ڈیٹا سارا کلین ٹچ اردو لغت، مقتدرہ قومی لغت اور اردو انگلش ڈکشنری ڈاٹ کام جیسی جگہوں سے اٹھایا ہوا، اور صرف ایک سرچ ایپلی کیشن بنانے پر یہ سزا کہ انٹرنیٹ نہ ہو تو ایپ نہیں چلتی۔ اور ایپ نہ بھی چل رہی ہو تو نوٹیفکیشن بار میں اشتہار ٹھکا ٹھک چل رہے ہوتے ہیں۔ تو جناب ہم نے صرف ایک دن یہ گھٹیا پن برداشت کیا اور پھر کوئی اردو لغت استعمال کرنے سے توبہ کر لی۔ خدا بھلا کرے کوئک ڈکشنری والے کا جس نے ایک اوپن سورس اطلاقیہ بنا ڈالا، اشتہارات سے پاک اور بس کرنا یہ تھا کہ اردو ویب لغت والے ڈیٹا کو اس میں ڈال دیا جاتا۔ اللہ بھلا کرے محمد سعد کا اس نے اس ڈیٹا کو کوئک ڈکشنری لغت فائل کی صورت میں ڈھال دیا اور اب ہم ایک بہترین قسم کی آفلائن انگریزی اردو اور اکثر اردو انگریزی لغت سے مستفید ہوتے ہیں۔ تو جناب آپ بھی اس سے فائدہ اٹھائیں، اینڈرائیڈ کے صارف ہیں تو انگریزی اردو لغت نصب کر کے اپنی زندگی آسان بنائیں۔ ہمارے لیے نوے فیصد مواقع پر یہ لغت کام دے جاتی ہے، امید ہے آپ کے لیے بھی دے گی۔ لغت نصب کرنے کے لیے مندرجہ ذیل مراحل پر نمبر وار عمل کریں اور ثوابِ دنیا و آخرت کمائیں:
انگریزی اردو لغت فائل اتاریں۔
اپڈیٹ: مقتدرہ قومی لغت فائل اتاریں۔
اپڈیٹ2: اردو انگلش ڈکشنری فائل اتاریں۔
اپڈیٹ 3: ابھی درج بالا دو لغات فائلز میں مسائل ہیں جن پر مزید تحقیق ہو رہی ہے۔ تب تک ایک سے کام چلائیں۔
3۔ یہ سیون زپ یا زپ فارمیٹ میں ہے، اس لیے سیون زپ نصب کر کے اس کو زپ فائل سے نکال لیں۔
4۔ اپنے اینڈرائیڈ آلے کو پی سی سے منسلک کریں۔
5۔ اپنے ایس ڈی کارڈ میں quickDic نامی فائل فولڈر تلاش کریں۔ اور اپنی پسندیدہ لغت فائل اس میں کاپی کر دیں۔
6۔ کوئیک ڈکشنری ایپ کو چلائیں اور یہ خوبخود موجودہ لغت فائلوں کاسراغ لگا لے گی۔
7۔ استعمال کریں اور موج لوٹیں۔ یہ فائلیں بنیادی طور پر انگریزی سے اردو لغت کے لیے ہیں، تاہم اردو سے انگریزی تلاش کی سہولت بھی کوئک ڈکشنری میں موجود ہے بس سرچ باکس کے ساتھ بائیں طرف ایک بٹن کو دبا کر زبان تبدیل کر لیں۔
اور جن احباب کو اس لغت کا علم نہیں انہیں مطلع ضرور کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام اس سے مستفید ہو سکے۔
اور جاتے جاتے میرے نیکسس 7 پر لغت کی تصویر ملاحظہ کرتے جائیں۔

5 تبصرے:

  1. بہت زبردست۔ میں بھی اینڈرائڈ کے عاشقین میں شامل ہوں۔ یہ لغت مجھے بہت فائدہ دے گی۔

    جزاک اللہ۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. شکریہ
    اچھی ایپ ہے۔ ویسے اس ڈکشنری میں اور ایپ میں موجود اردو لغت میں کیا فرق ہے؟

    جواب دیںحذف کریں
  3. ایب والی لغت اصل میں وکشنری اردو سے لی گئی ہے فیصل بھائی۔ چند ہزار الفاظ ہیں اس میں بس۔

    جواب دیںحذف کریں
  4. شکریہ شاکر بھائی
    میں اینڈرائڈ میں ایک ایپ استعمال کرتا ہوں ہے تو انگریزی اردو لیکن اردو انگریزی کو بھی سپورٹ کرتی ہے۔ اس میں نیٹ ہو تو تلفظ بھی سنا جاسکتا ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  5. آپ کی یہ پوسٹ دیکھی تو یہ ایپ دیکھے بنا رہ نہیں پایا۔ رہ رہ کر اس کا خیال آتا تھا تو بالآخر نصب کرہی لیا۔ ماشاء ہے تو بہت معیاری، بس نستعلیقیت کی کمی ہے۔ اللہ آپ کو بہتر بدلہ دے۔ ایک بات بتائیے۔ میں نے آپ کی ڈکشنری کو ذرا تکنیکی پایا ہے۔ اس کے مقابلے میں القلم کی ڈکشنری عام فہم اور نہایت سہل ہے۔ بطور مترجم آپ کی ڈکشنری مفید ہے۔ جبکہ عام یوزر کو شاید القلم والی ڈکشنری زیادہ مفید ہو۔ اسلیے اگر آپ اس کو بھی قابل استعمال بنادیں تو کمال ہوجائے گا۔
    میں زیادہ خوش نصیب اس لیے ہوں کہ میں نے خاص طور پر القلم ڈکشنری کو سرچ ایبل پی ڈی ایف میں کنورٹ کرکے پی ڈی ایف میں سرچ کرکے الفاظ ڈھونڈھتا تھا، اب اس کی ضرورت نہیں رہے گی اور الفاظ کو تلاش کرنے میں استعمال ہونے والی کوفت سے بھی بچ جاؤں گا۔

    جواب دیںحذف کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔