ہفتہ، 11 دسمبر، 2010

فینٹیسی (افسانہ؟)

ہمیں آڈیو بُکس کا چسکا نعمان، المعروف نعمان کراچی والے نے لگایا۔ ان کی ایک بلاگ پوسٹ سے ہمیں آڈیو بُک کے بارے میں پتا چلا تھا۔  پہلے پہل ہم نے ہیری پوٹر کو سننے کی کوشش کی۔ حصہ نمبر سات سنا بھی۔ چونکہ باقی حصے پڑھے جاچکے تھے، اور کمپیوٹر پر بیٹھ کر پڑھے جاچکے تھے اس لیے ساتویں کو سننے پر ہی اکتفا کیا۔ لیکن ہمارا سب سے بڑا پروجیکٹ وہیل آف ٹائم تھا۔
وہیل آف ٹائم آنجہانی رابرٹ جارڈن نے 1990 کے عشرے میں لکھنی شروع کی تھی۔ اس کی کوئی دس کے قریب کتابیں لکھ کر موصوف مرحوم ہوگئے۔ بیس سال کے عرصے میں دس کتابیں۔ کوئی حال نہیں ویسے اس مصنف کا بھی۔ خیر ہم نے سرچ وغیرہ ماری، پتا لگا کہ کہانی مزے دار ہے اور مصالحے دار بھی۔ ہمارے لیے مصالحے دار کہانی یہ ہوتی ہے کہ کوئی نئی دنیا ہو اور ہیرو کے پاس ڈھیر ساری طاقتیں ہوں۔ یہاں ہیرو کے پاس سب کچھ تھا اور دنیا بھی مصنف کے اپنے ذہن کی تخلیق۔ چناچہ ہم نے اللہ کا نام لے کر ٹورنٹس کو لگا دیا۔ اور کتاب نمبر صفر کو موبائل میں ڈال کر کانوں سے لگا لیا۔
بس نہ پوچھیں پر کیا گزری ہے ہم پر۔ اس کی دس کتابیں تحریر کردہ از رابرٹ جارڈن اور آخری 3 از برینڈن سینڈرسن، ہر کتاب اپنے اندر ایک نیا جہان۔ ہر کتاب کی آڈیو کوئی 60 گھنٹے طویل۔ اور ہم نے یہ ساری کتابیں بقلم خود سنی ہیں۔ اب آپ تصور کرلیں کہ واش روم میں، کھانا کھاتے ہوئے، شیو کرتے ہوئے، منہ دھوتے ہوئے، حتی کہ نہاتے ہوئے اونچی آواز میں باہر لگا کر ہم اسے سنتے رہے ہیں۔ گھر والے کہنے لگ گئے تھے پُتر کان پک جانے ہیں تمہارے۔ پر سائیں جو سواد آیا ہے، یہ سواد دس سال پہلے دیوتا پڑھ کر ہی آیا تھا۔ جب چوری چوری چالیس کتابیں، باریک لکھائی والی پڑھی تھیں۔ وہ بھی کیا دن تھے، اور یہ بھی کیا دن ہیں۔
ذرا سٹوری پر نظر ڈال لیں۔ وہیل آف ٹائم اصل میں فینٹیسی ناول سیریز ہے جس میں رابرٹ جارڈن نے بہت دور دور کی چھوڑی ہے۔ ہیرو جو ڈریگن کا نیا جنم ہے، اور اس کے کندھوں پر دنیا کو تاریکی والے سے بچانے کی ذمہ داری ہے۔ آخری لڑائی قریب ہے اور پہلے تو ڈریگن رسا تڑوا کر بھاگتا رہتا ہے، اور تاریکی کے دوست اسے پھڑکانے کے چکروں میں رہتے ہیں۔ آخر یہ سیکھ جاتا ہے اور ڈریگن بن جاتا ہے۔ اصلی تے وڈا ڈریگن۔ ڈریگن، اور دوسرے کچھ مخصوص لوگ طاقت کو استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ طاقت آگے پانی، ہوا، آگ، زمین اور روح میں منقسم ہے۔ ان اجزاء کو ملا کر یہ لوگ بنت یا ویو بناتے ہیں، جس سے مختلف کام لیے جاسکتے ہیں۔ جیسے کسی کو اٹھا کر پٹخنا، یا کسی کا علاج کرنا۔ طاقت کے دو حصے ہیں، ایک سائیڈار جسے خواتین ہی استعمال کرسکتی ہیں دوسرے سائیڈین جسے مرد ہی استعمال کرسکتے ہیں۔ پرانے کسی زمانے میں اس طاقت پر ریسرچ کرتے کرتے اس وقت کے محققین نے ایک نئی طاقت کا سراغ پایا۔  اس طاقت کو استعمال کرنے کے لیے جنس کی تخصیص نہیں تھی۔ لیکن بعد میں پتا چلتا ہے کہ یہ طاقت اصل میں تاریکی والا، یا شیطان، ہے۔ چناچہ پھر شیطان کے پیروکاروں اور روشنی کے پیروکاروں میں جنگ ہوتی ہے جو کئی سو سال چلتی ہے۔ پھر شیطان کو عارضی طور پر محصور کردیا جاتا ہے لیکن اب اس کی قید کمزور ہورہی ہے، ڈریگن ایک بار پھر سے پیدا ہوا ہے۔ اور کہانی چلتی رہتی ہے ایسے۔
بڑی مزے دار چیز ہے سائیں۔ سن کر دیکھیں کبھی۔ اتنے وسیع  و عریض پلاٹ اور اس افسانوی دنیا کو بڑی خوبی سے تخلیق کیا گیا ہے۔ رابرٹ جارڈن نے ایک ایک تصور پر بڑی وضاحت سے تفصیلات دی ہیں۔ اور انٹرنیٹ پر آپ کو وہیل آف ٹائم کے کئی ایک وکی اور کمیونٹی سائٹ مل جائیں گی جہاں وہیل آف ٹائم کی دنیا، کرداروں وغیرہ کے بارے میں تفصیلات موجود ہیں۔

7 تبصرے:

  1. شکریہ۔
    دوست کوئی ڈاون لوڈ ربط تو مہیا کرو۔
    اور اردو آڈیو بکس بھی کہیں سے ملتی ہیں؟

    جواب دیںحذف کریں
  2. وہیل آف ٹائم کا اچھا تعارف کرایا ہے آپ نے۔ اس سے پہلے ہم ہیری پوٹر سیریز کی کئی آڈیو بکس سن چکے ہیں اور واقعی بہت مزہ آیا۔ لیکن وہیل آف ٹائم کی طوالت کچھ زیادہ ہی خطرناک لگ رہی ہے۔۔۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. آپ سے اس کتاب کا ذکر سن کر میرا کب سے ارادہ ہے اسے سننے کا۔ ویسے مصنف کی چند کتابیں یہاں بھی دستیاب ہیں:

    http://www.kitabain.com

    جواب دیںحذف کریں
  4. الف نظامی ٹورنٹز ڈاٹ کوم پر جاکر اس کی آڈیو بک اتار لیں۔
    وقار طوالت پر نہ جائیں، چیز مزے دار ہے، یہ میری گارنٹی ہے آپ کو مزہ آئے گا۔
    مصنف کی کتابیں اس سائٹ پر مفتو مفت ہیں کیا نعمان؟ لگتا تو نہیں ہے۔ ہمیں تو سب کچھ ٹورنٹس سے مل گیا۔ تازہ ترین کتاب ٹاورز آف مڈ نائٹ جو نومبر میں آئی، اس کی آڈیو بک اور ای بک 15 دن میں آنلائن آگئی تھی۔

    جواب دیںحذف کریں
  5. آڈیو بک کا ائیڈیا آپ کے زرخیز ذہن ہی کے لیے ہے
    ہمیں یہ ہضم نہیں ہوگا۔

    جواب دیںحذف کریں
  6. شازل اگر انگریزی کا ذخیرہ الفاظ بہتر کرنا ہے، اور انگریزی سننے کی صلاحیت بڑھانی ہے، تلفظ ٹھیک کرنا ہے تو آڈیو بک بہترین چیز ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  7. آپکا بلاگ بھت اچھا ھے۔ ایک اور بھت اچھا اردو بلاگ”ڈیجیٹل تختی ” ھے۔اسے بھی ملاحٍظہ کیجئے۔لنک ھے:
    http://oogyx.wordpress.com
    اگر ھو سکے تو اس کو لنک کر کے اپنے دوستوں کو ارسال کر دیں آپ کی مہربانی ہو گی جزاک اللہ :smile:

    جواب دیںحذف کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔