بدھ، 4 جنوری، 2017

بلاگیات، چلغوزیات اور باہمی دلچسپی کے کچھ دیگر امور

تو بات بلاگنگ کی ہو رہی تھی۔ بات کیا ہو رہی تھی کچھ احباب نے اس پر جاندار تبصرے فرمائے، کچھ ارشادات ادھر اُدھر سے آئے، کسی نے بلاگنگ کو فوت فرمایا، کسی نے فوت شدہ کو دوبارہ قبر سے نکال کر کھڑا کیا اور کسی نے بلاگروں کے حالات پر سیرِ حاصل گفتگو فرمائی۔ تو عرض ہے کہ فدوی بھی عرصہ (دور) دراز سے ایک عدد بلاگ رکھتا ہے اور اس پر کبھی کبھار ایک آدھ پوسٹ کا اضافہ کر کے اپنا نام شہیدوں (یہاں بلاگروں پڑھا جائے) میں شامل کروانے کا خواہشمند رہتا ہے۔ تو فدوی نے بھی اس پُر فِتن دور میں کہ جب بلاگنگ پر آزمائش و ابتلا کا نزول جاری ہے، کچھ کہنے کے لیے مائیکروسافٹ ورڈ (2016 ورژن ہے ویسے میرے پاس) کے کچھ صفحات سیاہ کیے ہیں۔

تو جناب بلاگنگ کے نباضوں کا کہنا ہے کہ اردو بلاگنگ (پیچھے جہاں جہاں بلاگنگ لکھا ہے اسے بھی اردو بلاگنگ پڑھ لیجیے، اگر نہیں پڑھا تو اب جا کر پڑھ لیں صرف ایک پیراگراف تو ہے، تب تک میں یہ پیرا گراف مکمل کر لوں۔۔)ایک انجمن ستائشِ باہمی والوں کا گروہ تھا جو ایک نِکّے یعنی چھوٹے گروہ سے ایک وڈّے یعنی بڑے گروہ میں تبدیل ہو گیا ہے۔ تو ہم نباضوں کے اس ارشاد (مس عالیہ کہہ نہیں سکتے مسٹر کہے لیتے ہیں تو مسٹر) عالیہ سے پانچ سات سو (یا جتنے سو آپ کو مناسب لگیں) فیصد متفق ہیں۔ اگر ہم متفق ہیں تو آپ کا وقت کیوں ضائع کر رہے ہیں؟ اس کے لیے اگلے پیرا گراف میں تشریف لائیں۔ یہیں نیچے بھائی، اس کے ساتھ ہی لکھا ہے۔

ہاں جی یہاں۔ تو ہم نے کچھ اپنی عرض بھی کرنا تھی۔ تو عرض یہ ہے کہ ایک عرصہ ہوا ہم بھی وہی کچھ اپنے یک صفحاتی بلاگ پر کرتے تھے جو آج لوگ ان پورٹلز  پر کرتے ہیں۔ (کون سے پورٹل؟ بھولے بادشاہو یہی میڈیا کے وڈّے اور فیس بکی لکھاریوں کی زیرِ سرپرستی چلنے والے پورٹل)۔ تو لوگ کیا کرتے ہیں؟ اس کے لیے وڈّے بزرگوں نے کہا تھا چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرتے ہیں۔ عرض یہ ہے کہ فیس بک پر چند ہزار لوگوں کا ایک آئینہ خانہ وجود میں آ چکا ہے جہاں ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں ناز و انداز دکھاتا ہے۔ ان ناز و انداز کو دیکھ کر کسی کے منہ سے جو کچھ نکلتا ہے اکثر اوقات آپ اسے ان پورٹلز پر مضامین (یعنی بلاگز) کی صورت میں دیکھتے ہیں۔ اس سے پہلے ایک جگہ عرض کیا تھا کہ ارشادات، جوابی ارشادات، یعنی عمل اور ردعمل کی ایک دنیا ہے۔ دو دو پیرا گراف کی تحاریر ہیں، کچھ اچھی ہیں کچھ بری ہیں، کچھ سے عطر کی سی خوشبو آتی ہے کچھ سے قے کی سی بدبو آتی ہے، تو یہ سب کچھ ان پورٹلز پر چلتا ہے جسے اردو بلاگنگ کے نباض اردو بلاگنگ کا مستقبل قرار دیتے ہیں۔ ہم جب یہی کچھ کرتے تھے تو دیکھنے سننے پڑھنے والا کوئی نہیں ہوتا تھا، ہمارا شیش محل ہی ایک کمرے کا تھا (غریب کا مکان ایک کمرہ وہیں کچن وہیں بیڈ روم اور ساتھ بکری کی رہائش کا بندوبست بھی، گھٹیا سٹیج ڈرامے والی مثال ہے ناں، تو جو زبان پر آئے اسے لکھنے کو ہی تو بلاگنگ کہتے ہیں، یعنی ہور چُوپو تحریر چھوڑ کر تشریف لے جائیں ہمیں تو کوئی اعتراض نہیں ہے) تو بقیہ ماندہ قارئین کے لیے، عرض تھی کہ ہمارا شیش محل یک کمرہ جاتی تھا، موجودہ شیش محل کے پانچ سو کمرے ہیں اور ہر کمرے میں ایک الگ مہاراجہ /مہارانی نے اپنا دربار سجا رکھا ہے۔ کسی نے چلغوزے لگائے ہوئے ہیں، کسی نے ۔۔۔ چلیں چھوڑیں۔ یہ چلغوزے بھی ایسے ہی ہمارے دماغ میں آ گئے۔ اور چلغوزوں سے یاد آیا کہ بس یہی اردو کی خدمت ہے کہ ہر روز ایک نیا کٹا کھلا ہوتا ہے۔ اور اس پر باں باں کرتی اور سینگیں لڑاتی بھیڈیں جنہیں اردو میں بھیڑیں کہا جاتا ہے یعنی اس ترقی یافتہ دور کے اردو لکھاری (جمع مفتی، ناصح،  ملحد، اسلام پسند، ترقی پسند، رجعت پسند، مارکسسٹ، سوشلسٹ، عظیم، عجیب، غریب، بے تکے، بے ڈھنگے۔۔۔) یعنی بلاگر ۔ آپ کو ہر روز ایک نیا تماشہ دیکھنے کو ملتا ہے، ایسا ہی تماشہ جیسے ہمارے بچپن میں مداری نے ریل کے پھاٹک کے ساتھ خالی جگہ پر لگا رکھا ہوتا تھا۔

تو عرض یہ کہ اگر اب ہم نے بلا وجہ سات سو (ورڈ ویسے سات سو چوبیس بتا رہا ہے) الفاظ لکھ مارے ہیں، تو ہم سے بہتر اور لائق لوگ کیا قیامت نہ ڈھاتے ہوں گے۔ ہماری مجبوری بس یہ ہو گئی ہے کہ سینگ تڑوائے ایک عرصہ ہو گیا۔ جب جب لکھنے والوں کو پڑھا تو پتا چلا کہ پڑھیں تو اچھا لکھا جا تا ہے، اب یہ حال ہے کہ نہ پڑھیں نہ لکھ سکیں۔ اور فیس بک کے اس آئینہ خانے میں سچ پوچھیں تو اتنے لوگ روڑے اٹھائے پھرنے لگے ہیں کہ ہمیں ڈر لگتا ہے کوئی ہمیں ہی نہ (کڈھ ) مارے۔ تو اپنی عزت اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے بھائی، ہم ردعمل میں کچھ نہیں لکھتے، ہم بغیر پڑھے بھی کچھ نہیں لکھتے، ہم کسی مذہبی ، غیر مذہبی، سیاسی ، غیر سیاسی موضوع پر بھی کچھ نہیں لکھتے کہ ابھی ہمارے بچے بھی اللہ میاں کے پاس ہیں اور ہمارا سنگسار ہونے کا قطعی موڈ نہیں ہے، اور ہمارے مامے کا کوئی پُتر کوئی وڈی ویب سائٹ بھی نہیں چلاتا کہ ہماری ہر ڈیڑھ پیرے کی تحریر جھٹ سے شائع  کر دے۔ اس لیے ہم آج بھی اپنے بلاگ پر لکھتے ہیں، کوئی پڑھے تو اس کا بھلا، کوئی نہ پڑھے تو اس کا بھی بھلا ۔ مولا خوش رکھے۔ کبھی کبھار برسوں میں ایک تحریر افادۂ  عام والی سرزد ہو جائے تو پہلے کسی رسالے میگزین کو ارسال ہو جاتی تھی اب ان آنلائن ویب سائٹوں کو بھیج دیتے ہیں۔ کوئی شائع کر دے تو مولا خوش رکھے ، اس کے بچوں کے بچوں کے بچوں کی بھی خیر کرے، نہ شائع کرے تو ہمارا بلاگ تو ہے ہی، ہم وہیں شائع کر کے اپنا لکھاریانہ سٹیٹس برقرار رکھتے ہیں، اور پھولے نہیں سماتے۔ تو جناب ہم ایک بلاگر ہیں، بہت پرانے ، پڑے پڑے ٹھُس ہو چکے ہیں لیکن کبھی کبھی راکھ میں سے چنگاری بھڑک اٹھتی ہے۔ اب یہی دیکھ لیں اس بے تُکی تحریر پر تین مجازی صفحے سیاہ کیے اور دو چار لوگوں کا وقت برباد کیا ہی ہو گا۔

[اگر آپ نے یہاں تک اس تحریر کو پڑھا ہے تو آپ کی عظمت کو اکتالیس توپوں کی ورچوئل سلامی۔ لگتا ہے آپ کے پاس بھی ہماری طرح کوئی اور چنگا کام نہیں تھا۔]

2 تبصرے:

  1. اردو بلاگران کی موت واقع ہو چکی ہی۔ ڈفر کا مزار اور جعفر کے عرس دیکھے ہیں میں نے۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. متفق۔
    اب تو بس پراپیگنڈہ سائٹس ہی ہیں۔
    فیس بکی دانشور اس بات پر پھولے نہیں سماتے کہ ان کے اتنے ہزار فالوورز ہوگئے۔
    ایک دو سے اختلاف کی کوشش کی تو بلاک ہوگئے۔

    اور جس ایرے غیرے نتھو خیرے کا بس چلے ایک عدد ڈاٹ پی کے کھول لیتا ہے۔

    برادرم بلال خان نے خدشہ ظاہر کیا پچھلے دنوں کہ اگر اردو کے لئے گوگل نے ایڈ سینس منظور کر لیا تو جو بلاگنگ کا حشر ہونا ہے اس کی ہلکی سی جھلک یوٹیوب ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے پر کسی بھی براوزر میں جا کر دیکھی جاسکتی ہے۔

    نقارخانہ اب بہت بڑے میلے میں تبدیل ہوچکا ۔۔
    اب تو وہی پاپولر ہوگا جس کی ڈیمانڈ ہوگی۔
    اور اگر آپ یوٹیوب کا دورہ کر کے واپس آچکے ہیں تو آپ کو اندازہ ہوگیا ہوگا کہ پاپولربلاگنگ کیا ہوگی۔

    رہے نام اللہ کا۔

    جواب دیںحذف کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔