منگل، 9 جنوری، 2007

لینکس نخریلی محبوبہ

لینکس میرے لیے اب تک ایک نخریلی محبوبہ کی طرح رہا ہے۔ جیسے بیڈ پر سونے والا کو بندہ اچانک سڑک پر آجائے ویسے احساسات میرے ہیں لیکن میں بھی ایسا ضدی ہوں کہ لینکس کے پیچھے ہی پڑا ہوں۔ نصب نہیں ہوتا تھا میں نے نیا پی سی لیا۔ ڈسپلے ٹھیک نہ تھا میں نے مانیٹر نیا لے لیا۔ انٹرنیٹ ڈائل اپ سے کام نہ چلتا تھا میں نے کیبل نیٹ لگوا لیا۔ پرانا کیبل نیٹ والا لینکس سے چیٹ جیسے اطلاقیے چلانے اور مربوط کرنے کی اجازت نہ دیتا تھا میں نے کیبل نیٹ والا بدل ڈالا۔ نئے کیبل نیٹ والے کے پاس بھی دو ماہ بعد یہ سیٹنگ نصیب ہوئی کہ اب سب کچھ چلا سکتا ہوں وہ بھی اس طرح کہ اس نے روٹر کو نیٹ ورک سے منسلک کردیا ہے جس تک میری براہ راست بغیر پراکسی کے رسائی ہے اب جب کہ یہ بھی ٹھیک ہوگیا ہے میرے سامنے مسئلہ کھڑا ہے کہ وہ تمام اطلاقیے جو میں ونڈوز پر استعمال کرتا تھا لینکس پر چلا سکوں۔ وہ نہیں تو کوئی متبادل سہی۔ اس کا ایک حل وائن کی صورت میں مجھے ملا لیکن یہ بھی کوئی اتنی اچھی چیز نہیں لینکس میں ونڈوز کا ماحول فراہم کرکے اطلاقیہ چل تو جاتا ہے لیکن لولا لنگڑا ہوکر۔ آج کل مجھے شوق چڑھا ہوا ہے کہ پرانے پراجیکٹس کو ایک ماہ میں مکمل کرڈالوں۔ لبیک مکمل کرنا تھی کوئی یونیکوڈ مدوِن دستیاب نہ تھا آخر ایک عدد عربی مدوِن ملا جس سے کام چلا۔ ہماری بدقسمتی اول تو اردو کمپیوٹنگ کے لحاظ سے ونڈوز میں ہی کچھ خاص موجود نہیں لیکن لینکس تو بالکل ہی تہی داماں ہے۔ یہاں اردو کے لیے ایک مدوِن تک دستیاب نہیں ایک بنا تھا جو ابھی زیر تکمیل ہے۔ سافٹویر کے ترجمے اور فری سافٹویر فاؤنڈیشن کے اجازت ناموں کا اردو ترجمہ کرنا تھا اس کے لیے ایک لغت درکار تھی لیکن لینکس پر کوئی لغت سرے سے ہے ہی نہیں اردو کے لیے۔ ونڈوز والی لینکس پر چلانے کی کوشش کی تو اس کا اردو والا حصہ اکڑ گیا کہ نہیں چلنا۔ اب وائن کی طرح کا ایک اور لبادہ ڈھونڈا ہے وِن فور لِن کے نام سے جو ایک ملکتی سافٹویر ہے اور پیسوں سے ملتا ہے لیکن مجھے چونکہ کام کرنا ہے اور میرا شدید موڈ ہورہا ہے اس لیے میں نے اس کا ٹورنٹ کریک ڈھونڈ لیا ہے جو ابھی اتر رہا ہے شاید اس سے کچھ بات بن جائے۔ لیکن ایسے کب تک چلے گا۔ ہمیں کچھ تو کرنا ہوگا۔ لینکس کے لیے کم از کم ایک لغت تو دستیاب ہو۔ کم از کم ایک برا بھلا اردو مدوِن تو موجود ہو۔ جانے کب یہ خواب پورا ہوگا۔ ہم بہت دیر کردیتے ہیں۔بہت دیر۔۔۔۔

11 تبصرے:

  1. یار شاکر !!! یہ مضمون پڑھ کر کوئی بھی لینکس کی طرف آنے کا نہیں سوچے گا!!!!
    جب کسی چیز کی افادیت کے بجائے مشکلات بیان کرو تو بے شک سچ کہوں مگر اس طرح دوسرا کے سے خوف زدہ نہ ہو بلکہ اسے کرنے کی ٹھان لے!!!

    جواب دیںحذف کریں
  2. :) lol
    شعیب صفدر صاحب نے بالکل صحیح فرمایا۔ ویسے شاکر بھائی موزو کا عنوان زبردست چُنا ہے اور آپ کی ہمت کی بھی داد نہیں۔ ایسی ہمت اللہ ہمیں بھی عطاء کر دے آمین۔۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. مدون سے کیا مراد ہے آپ کی؟ میں ماؤس پیڈ نامی ٹیکسٹ ایڈیٹر استعمال کرتا ہوں اور اردو کا تمام کام اسی پر کرتا ہوں۔ اوپن آفس میں بھی اردو لکھی جاسکتی ہے۔ ویسے پائی اردو ایڈیٹ بھی کافی امپروومنٹ ہوئی ہے۔ آپ کو کس قسم کا مدون چاہئے؟

    جواب دیںحذف کریں
  4. بھائی جی میں نے حقیقت بیان کی ہے۔ سب کچھ روز روشن کی عیاں ہونا چاہیے۔ اگر کسی نے لینکس کی طرف آنا ہے تو اسے سب پتا ہونا چاہیے۔ آپ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ اس سے پہلے دو مضامین میں‌ لینکس کی تنصیب کے سلسلے میں لکھ چکا ہوں۔ یہ صرف ایک اطلاع تھی تنقید نہیں۔ اور اگر آخر میں دیکھیں تو میں‌ نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ہم بہت دیر کردیتے ہیں چونکہ لینکس دنیا میں سب کچھ خود ہی کرنا پڑتا ہے۔
    نعمان جی مدون میرے پاس ہے اب کاتوب کے نام سے اوبنتو میں شامل ہے عربی ہے لیکن اردو کی اچھی معاونت ہے اس میں۔ پائی اردو ایڈیٹر میرے حلق سے نہیں اترتا اسے چلانے کے لیے کوئی پہلے وہ فولڈر کھولو پھر ٹرمینل چلاؤ پھر اسے چلاؤ اور پھر بھی چاہے وہ کریش ہوجائے ابھی اس میں بہت کچھ ہونا باقی ہے۔ آخری بار جب استعمال کیا تھا تو ورڈ ریپ اس میں‌ شامل نہ تھا جب ایک سطر شروع ہوجاتی تھی تو چلتی ہی چلی جاتی تھی۔
    خیر بات اتنی ہے کہ کام ہونا چاہیے ایسا نہ ہو کہ بہت ہی دیر ہوجائے۔ بس یہی اس پوسٹ کا مقصد تھا۔ میں ایک اردو لغت کے بارے میں سوچ رہا ہوں‌ جو لینکس کے لیے ہوگی اس کے بارے میں جلد ہی محفل اور اپنے بلاگ پر پوسٹ کرتا ہوں۔
    وسلام

    جواب دیںحذف کریں
  5. سجاد بھائی بات ہمت کی بھی کہہ سکتے ہیں لیکن لینکس کا انداز ایسا ہی ہے کڑوا سا لیکن مزہ آتا ہے اس کے ساتھ کھیل کر بھی۔
    خیر اب تو زندگی کا حصہ ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  6. شاکر بھائی لینکس کے بارے میں ہمارے میں میرے خیالات آپ سے ملتے جُلتے ہیں۔ اپنا بھی یہی حال ہے تعریف کرو تو لینکس لیکن جب کام کرنے پر آئیں تو لینکس میٹر گھما دیتا ہے۔۔۔۔۔سیکھ ہی جائینگے کسی دن۔

    جواب دیںحذف کریں
  7. جناب من کوئی بھی چیز آتے آتے ہی آتی ہے ونڈوز سیکھنے میں دو سال لگے۔ لینکس تو سال بھر میں اتنا جان گیا ہوں جتنا ونڈوز کے بارے میں جانا تھا۔
    پنگا یہ ہے کہ اس کے اطلاقیے بہت کم دستیاب ہیں، اس کی معاونت موجود نہیں کمپنیوں کی طرف سے لوگ اسے سپورٹ کم کرتے ہیں بس یہی چیز ایک لینکس صارف کے صبر کا امتحان لیتی ہے۔ اب یہی دیکھ لیں ونڈوز کے اطلاقیوں کا لینکس پر چلانا کیا تک بنتی ہے بھلا۔ لیکن کیا کریں لینکس پر گیمز نہیں اگر ہیں تو اس معیار کی نہیں اگر معیار کی بھی ہیں تو وہ نہیں جو شائقین پسند کرتے ہیں، مقبول عام سافٹویر سارے کے سارے ونڈوز کے لیے تو میرے جیسوں کو کئی پنگے بازیاں کرنا پڑتی ہے لینکس پر دال روٹی کرنے کے لیے۔
    یہ چیز بہت ہرٹ کرتی ہے پھر اور یہ پوسٹ اسی کا ردعمل تھا۔

    جواب دیںحذف کریں
  8. شاکر بھائی، بات تو واقعی دکھ کی ہے۔ مگر لینکس کو کمپنیاں سپورٹ کیوں نہیں کرتی ہیں؟
    اور خود لینکس اپنا سٹرکچر ونڈوز کی طرح کیوں نہیں بناتا جس سے ونڈوز کے سافٹ ویئر لینکس کو سپورٹ کرنے لگ جائیں۔؟

    جواب دیںحذف کریں
  9. لینکس کاپی رائٹ‌ سے آزاد نظام ہے۔ سارا کام رضاکارانہ طور پر ہوتا ہے۔ اس لیے کمپنیاں اسے سپورٹ نہیں کرتیں جو کہ اپنے سافٹویر بیچنا چاہتی ہیں۔
    لینکس ویسے بھی ونڈوز کے مقابلے میں بہت کم استعمال ہوتا ہے۔
    لینکس کا اپنا ایک ڈھانچہ ہے ونڈوز جیسا ہوگیا تو کاہے کا فائدہ؟
    ہر نظام کا اپنا ایک طریقہ کار ہوتا ہے ویسا ہی لینکس کے ساتھ ہے اسے سیکھنا مشکل کام نہیں لیکن اس کی عادت مشکل سے ہی پڑتی ہے بس اتنی بات ہے اس لیے ایک عام ونڈوز صارف لینکس سے کنی کتراتا ہے۔
    وسلام

    جواب دیںحذف کریں
  10. کاتوب کہاں مِل سکتا ہے؟

    جواب دیںحذف کریں
  11. اوبنٹو کی رپازٹریز کو فعال کرلیں اور پھر کاتوب کو سنیپٹک سے تلاش کرکے نصب کرسکتے ہیں۔
    کاتوب کی ویب سائٹ یہ ہے۔
    اس کے کی بورڈ میں تبدیلی کرکے اردو لکھنے کے قابل بھی بنایا جاسکتا ہے۔ بس آپ کے پاس روٹ اجازتیں ہوں۔ میں نے ایسا کیا تھا بدقسمتی سے میرا سسٹم کریش ہوگیا تو سب کچھ دوبارہ نصب کرنا پڑا لیکن اس صورت میں کنٹرول سے چلنے والے شارٹ کٹ نہیں چلتے۔
    وسلام

    جواب دیںحذف کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔