بدھ، 26 نومبر، 2008

طیارے گرانے کی صلاحیت ہے، نہیں ابھی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں

آج کے ایکسپریس نیوز کی شہ سرخی ائیر چیف کا بیان ہے جس کے مطابق پاک فضائیہ کے ریڈار جاسوس طیاروں کا کھوج نکال لیتے ہیں اور ان کو ایف سولہ سے گرایا بھی جاسکتا ہے۔ یہی خبر اردو نیوز پر کچھ ایسے موجود ہے۔


کراچی ۔ پاک فضائیہ کے سر براہ ایئر چیف مارشل تنویر احمد نے کہا ہے کہ جاسوس طیاروں اور میزائل حملوں کوروکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فیصلہ حکومت کوکرنا ہے کہ وہ کس وقت ان صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتی ہے۔ یہ بات انھوں نے آئیڈیاز 2008ء نمائش میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ انھوں نے جے 17 تھنڈر کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ ایسی صلاحیت رکھتی ہے کہ وہ جاسوس طیاروں اور جدید ترین میزائلوں کو اپنی حدود میں نشانہ بنا سکے لیکن اس بارے میں پاکستان کی سیاسی قیادت کو فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ حملہ آوروں سے جنگ کے لیے تیار ہے یا نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر پاک فضائیہ اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائے گی۔

ہمارے وزیر دفاع صاحب اس کے بالکل الٹ فرما رہے ہیں۔ جیسا کہ وہ شروع سے ہی بیان دیتے آرہے ہیں کہ اتنی بلندی پر طیارے گرانے کی ہم میں صلاحیت نہیں۔ ملاحظہ کیجیے۔
کراچی ۔ وزیر دفاع احمد مختار نے کہا ہے کہ پاکستان بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں کے خلاف کارروائی کے لیے ٹیکنالوجی کے حصول کی کوشش کر رہا ہے ۔ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے دوست ممالک سے با ت چیت ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میزائل ٹیکنالوجی پروگرام کو بھی ترقی دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے اور اس میں 12 سوسیکورٹی اہلکار اور ساڑھے چار ہزار شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ القاعدہ سے سب سے زیا دہ خطرہ پاکستان کو لاحق ہے ۔ ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ پی آئی اے کو ہونے والے نقصانات کے حوالے سے سابق انتظامیہ کے خلاف کئی بارکارروائی کے خلاف کئی بار کارروائی نہیں ہو سکی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ دفاع بجٹ میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔

اب بتائیں کہ کس کی بات کا اعتبار کیا جائے؟

4 تبصرے:

  1. لگتا ہے دونوں ہی جھوٹ بول رہے ہیں..

    جواب دیںحذف کریں
  2. میں تو کبھی بھی ایسے بے کار اور مفت خورے وزراء پر اعتبار نہیں کروں گا جن کا دین ایمان صرف پیسہ ہی پیسہ ہو۔ آپ چاہیں تو کر لیں۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. آج ایک بندے نے ٹی وی پر کہا ہے کہ اگر گرانے کی ہمت نہیں رکھتے تو مجھے اجازت دو میں نیٹ ورک ہیک کردیتا ہوں ان کا پھردیکھتا ہوں یہ کیسے حملے کرتے ہیں‌:D لیکن مجھے 100 فیصد امید ہے کہ ہماری حکومت ایسا نہیں کرے گی کیوں کہ ان کی اوپری کمائی کا ذرئعہ ہی یہی ہے

    جواب دیںحذف کریں
  4. میں تو مکی بھائی سے سو فیصد متفق ہوں بھئی

    جواب دیںحذف کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔