اتوار، 25 فروری، 2007

نکالنا حلق سے “ق” کا اور حالت فدوی کی


ہم سوچا کرتے تھے کہ لوگ بچپن کو یاد کرکے ایویں اداس ہوتے ہیں بھلا بچپن میں کیا رکھا ہے۔ لیکن برا ہو اس بڑے ہونے کا جس نے ہمیں بھی اسی چکر میں ڈال دیا۔ اب دیکھیے نا جیسے جیسے بندہ بڑا ہوتا جاتا ہے اس کے اندر احساس ذمہ داری بڑھتا چلا جاتا ہے اور اس کے نتیجہ میں ہر شے کو مکمل ترین دیکھنے کا خبط سر پر سوا ہوجاتا ہے۔
اسی خبط کے صلے میں ہر بار ہمیں منہ کی کھانی پڑی ہے۔ لیکن ق کے معاملے میں ہمیں منہ کے ساتھ ساتھ حلق کی بھی کھانی پڑی۔ ارے ٹھہریے یہ بابے مشرف والی ق نہیں جس کے ساتھ لیگ لگ جائے تو وہ وزیر اعظم کی اماں بن جاتی ہے بلکہ یہ اردو کی ق ہے جس کو قینچی والی ق کہتے ہیں۔
اردو میں دو "کافز" ہیں۔ ایک کاف کتے والی اور دوسری قینچی والی۔ ویسے ناظرین ہمیں کتے والی ک کے ساتھ ہمیشہ ہمدردی ہی محسوس ہوئی ہے ایک تو بے چاری کے اوپر اتنا بڑا سا ڈنڈا دوسرے اس کو کتے کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے کتنا غیر شاعرانہ جوڑ ہے۔ کتا آخر قتا بھی تو ہوسکتا تھا آخر اردو کے بابوں کا کیا جاتا۔ لیکن کیا کہیں ان سیانوں کو جن کے سیانے پن کی سزا ہم بھگت رہے ہیں۔
ق اصل میں‌ قاف نہیں "کوہ قاف" ہے۔ اس کوہ کو سر کرنا عام بندے و ہرکس و ناقص کے بس کا روگ نہیں۔ اس ق کے اتنے قصے مشہور ہیں کہ بڑے بڑے اس سے پنگا لیتے ہوئے گھبراتے ہیں۔سنا کرتے ہیں ایک صاحب لکھنوء (اجی وہی لکھنوء جس کو اردو والے بڑی حسرت سے یاد کرتے اور آہیں بھرتے ہیں) میں گزر رہے تھے کیا دیکھتے ہیں کہ ایک دھان پان سا بندہ مرگی کے دورے کی سی حالت پر سڑک پر لوٹیں لگا رہا ہے۔ ان صاحب نے ارد گرد سے حال دریافت کیا حضور کیا معاملہ و ماجرا ہے بے چارے کی مدد کیوں نہیں کرتا کوئی تو جواب آیا حلق سے قاف نکال رہے ہیں۔
صاحبو موصوف جن پر یہ قصہ "فلمایا" گیا ہے ضرور سر نیچا کیے نکل لیے ہونگے لیکن ہماری بدقسمتی کے ہمارے سر میں یہ قاف جنرل صاحب کی طرح پھسکڑا مار کر بیٹھ گیا۔ اور مزید بدقسمتی ہم نے اس کو حلق سے ہی نکالنے کی ٹھان لی۔
بس پھر نہ پوچھیں فدوی پر کیا گزری۔ اس لیے ہم نے تمہید میں عرض کیا تھا کہ بچپن کے دن کتنے اچھے تھے۔ قمیض کو کمیض اور قینچی کو کینچی کہہ لیا کرتے تھے لیکن اب۔۔۔
اب یہ حال ہونے لگا ہے کہ کتا بھی کتا نہیں‌ قُتا لگتا ہے عجب "قُتا" سا لفظ بن جاتا ہے۔ :oops:
صاحبو جب ہم نے ٹھان لی کہ اب بس بہت ہوگئی اردو کو اہل زبان کی طرح سیکھنا ہے اور ق کو حلق کی گہرائیوں سے برآمد کرنا ہے تو ہم نے سب سے پہلے اپنے گلے کی صفائی کروانا شروع کردی۔ روزانہ اٹھ کر آدھا جگ نمکین پانی کے غرارے وقتًا فوقتًا ہوسٹ اور گلا صاف کرنے والی گولیاں، فریش اپ ببل قسم کی چیزیں جیب میں رکھنا شروع کردیں۔
پورا ہفتہ یہ پریکٹس کرنے کے بعد اگلا ایک ہفتہ ہمیں قاف نکالنے کی حسرت ہی رہی چونکہ یہ الم غلم کھا کر ہمارا گلا خراب ہوگیا تھا اور اس کی گہرائیوں سے قاف کا نکلنا ممکن نہ تھا۔ ہم نے دو ایک بار نکالنے کی کوشش بھی کی لیکن شاید کافی موٹا تازہ قاف تھا ہر بار کھانسی میں ٹوٹ ٹوٹ کر ہی نکلا۔
خیر صاحبو صحت یاب ہوکر ہم نے قاف نکالنے کے نئی تراکیب سوچنا شروع کردیں۔
کسی نے ہمیں بتایا کہ پی ٹی وی کے خبرنامے میں‌ اردو بڑی اچھی بولی جاتی ہے۔ چناچہ ہم نے آدھ گھنٹہ اس عذاب میں گزارنے کا فیصلہ کرلیا۔ نیوز کاسٹر کے ہر قاف کو ہم "حلق کی گہرائیوں" سے محسوس کرتے لیکن نکالنے کی حسرت ہی رہ جاتی اکثر اوقات قاف نکلتے نکلتے اس وجہ سے رہ گئی کہ اسے ہنسی کو راستہ دینا پڑا۔ آخر اس طرف سے بھی ناکامی کے بعد ہم پھر منہ لٹکا کر بیٹھ گئے قاف نکالنے کی بجائے ہمیں اپنا "قافیہ" تنگ ہوتا محسوس ہورہا تھا۔
آخر کار ہم نے دوسروں کے مشوروں کی بجائے اپنے عقل سلیم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کا نتیجہ اگلے ہی روز برآمد ہوگیا۔
اصل میں ہم اپنی دھن میں کہیں جارہے تھے کچھ بطخوں کی قیں قیں سن کر چونک گئے۔ پہلے چونکے پھر ہماری حیرت کی انتہا نہ رہی کہ ق ہم سے کتنا قریب تھا اور ہم اس کو نکالنے کے لیے کہاں کہاں "بین" تلاشتے رہے۔
بطخ کی "ق دانی" دیکھ کر ہم اس مقولے پر ایمان لے آئے کہ خدا نے کوئی شے بے مقصد پیدا نہیں کی۔ ہم نے ق کا علم حاصل کرنے کے لیے بطخوں کی شاگردی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا
سائیکل وہیں چھوڑ کر بطخوں کے اس خاندان کے قریب جاکر بیٹھ گئے۔ پورے ایک گھنٹے ہم نے ان کے ساتھ بیٹھ کر قیں قیں کی گردان کی۔ اس قیں قیں کے بعد ہمارا یہ حال ہو گیا کہ ہیں کی بجائے قیں اور ہاں کی بجائے منہ سے قاں نکلنے لگا۔ لیکن حسرت ہی رہی کہ حلق سے قاف ٹھیک نکلے ۔ ملمع کے طرح جب دو گھنٹے بعد ہمارے ذہن سے بطخیں‌ محو ہونے لگیں تو ساتھ ہی ق بھی دوبارہ سے سو گئی۔
اب آپ سے کیا چھپانا اس طرح کی کئی مشقیں ہم نے آتے جاتے اٹھتے بیٹھے کیں، کبھی مرغ کی ککڑوں کوں کے ساتھ مل کر ققڑوں قوں کی ,کبھی صراحی کی قل قل کے ساتھ قل قل کی لیکن بات نہ بنی۔
آخر کوئی تین ماہ کی مشقت کے بعد ہم نے جب صبح قرآن کی تلاوت سنی اور اس میں قاری کے منہ سے کھنکھناتا ہوا قاف نکلتا سنا تو بے اختیار سر پیٹ لیا۔ بے شک اللہ کے کلام میں بڑی طاقت ہے یہ سن کر ہمیں اپنے قاری اللہ انھیں درازی عمر اور صحت دے یاد آگئے جو کھوتوں گھوڑوں والے بید کے سوٹے سے ہمارے حلق سے قاف نکلوا لیا کرتے تھے۔ سو صاحبو اللہ کی رحت وہ دن اور آج کا دن جب بھی حلق سے قاف نکالنا ہو ہمیں قاری صاحب کا سوٹا اور اندازِ برآمدگیِ قاف یاد آجاتا ہے اور حلق سے ایک پھریری کے ساتھ کھنکھنا تا ہوا ق برآمد ہوجاتا ہے۔


ویسے آپ کے قاف کی کیا صورت حال ہے؟

ہفتہ، 24 فروری، 2007

کے اوبنٹو کی تنصیب

بہت دنوں بعدہمارا ذہن اس طرف آیا ہے سوچا آج کے اوبنٹو کی تنصیب کے بارے میں لکھ ہی ڈالیں۔ اس کی تنصیب کوئی مشکل کام نہیں۔ سب سے پہلے تو یہ کریں کہ اپنے بایوس میں جائیں اور وہاں فرسٹ بوٹ ڈیوائس کو سی ڈی روم کرلیں۔


 


اس کے بعد کبنٹو کی سی ڈی سی ڈی روم میں ڈالیں اور سسٹم کو روبارہ سے سٹارٹ کرلیں۔ آپ کا سسٹم سی ڈی سے بوٹ ہوگا۔ کبنٹو کی نیلے رنگ کی تصویر اور اس کے نیچے کچھ اس قسم کے اختیارات نظر آرہے ہونگے۔


 



آپ نے حسب تصویر بوٹ فرام سی ڈی کو ہی منتخب کرنا ہے۔ اس کے بعد قریبًا تین سے چار منٹ میں(آپ کے سسٹم کی سپیڈ پر منحصر ہے) آپ کا لینکس بوٹ ہوکر ڈیسکٹاپ پر چلا جائے گا۔ اس کا منظر کچھ یوں ہوگا۔


اس میں آپ کو صرف دو آئیکن نظر آرہے ہیں۔ انسٹال والے پر کلک کریں اور تنصیب کا عمل شروع ہوجائے گا۔


لیکن اس سے پہلے آپ مختلف اطلاقیے چلا کر اپنی تسلی کرسکتے ہیں کہ آٰیا سب ٹھیک ہے یا نہیں۔ لیکن کسی بھی اطلاقیے کو لوڈ ہونے میں وقت لگے گا چونکہ یہ سارا کچھ براہ راست سی ڈی سے ہورہا ہے۔


تنصیب پر کلک کرنے سے آپ کے سامنے کچھ یہ چیز کھل جائے گی۔ یہاں سے آپ کو اپنی زبان منتخب کرتا ہوتی ہے چونکہ ابھی اردو لینکس کا کوئی حساب کتا ب نہیں اس لیے آپ انگریزی کو ہی منتخب کرلیجیے۔


Free Image Hosting at www.ImageShack.us


 


یہ کام کرنے کے بعد اگلی سکرین آپ کے سامنے کچھ یوں ہوگی۔


Free Image Hosting at www.ImageShack.us یہاں سے اپنا منطقہ وقت منتخب کرلیجیے۔ کراچی امید ہے آپ پہچان لیں گے جس کے ساتھ ہی آپ کا وقت جی ایم ٹی جمع پانچ پر سیٹ ہوجائے گا۔ جاری پر کلک کریں اور آگے کچھ یوں ہوگا۔ Free Image Hosting at www.ImageShack.us


اس جگہ آپ نے اپنا کی بورڈ منتخب کرنا ہے جو کہ طےشدہ ہوگا نئے سسٹم کے لیے۔ چونکہ ہم نے اردو کی سپورٹ وغیرہ سسٹم کی مکمل تنصیب کے بعد کرنی ہے اس لیے اس لیے انگریزی ہی منتخب کریں اور آگے پر کلک کردیں


 


Free Image Hosting at www.ImageShack.us


اس تصویر میں آپ سے آپ کا اسم صارف پوچھا جارہا ہے جو آپ نے نئے سسٹم کے لیے طےشدہ اسم صارف ہوگا۔ اپنی پسند کا نام رکھیں اور نچلے خانے میں آپ کے نام کی مناسبت سے آپ کے سسٹم کا نام بھی بن جائے گا جسے آپ بدل بھی سکتے ہیں۔


اگلے پر کلک کریں اور اب صحیح کام شروع ہوا ہے۔


Free Image Hosting at www.ImageShack.us


یہاں پر آپ نے ایک عدد ہارڈڈسک پارٹیشن یش کرنی ہے جس کی گردن پر چھری پھیر کر لینکس وہاں اپنا مکان تعمیر کرے گا۔ اگر آپ تصویر پر غور کریں تو اس میںhda5 کا کچھ ذکر ہے جس کو ری سائز کیا جانے کا کہا جارہا ہے۔


بنیادی طور پر یہاں تین انتخابات موجود ہیں اب آپ کی مرضی ہے کہ کونسا منتخب کریں۔ پہلا آسان ہے اس میں آپ کو پہلے بس اتنا کرنا ہے کہ اپنے سسٹم کی ایک ڈرائیو کو اتنا خالی کرلیں کہ وہ قریب قریب 70 فیصد خالی ہو بلکہ ہمارا تو خیال ہے کہ ساری ہی خالی کرلیں تاکہ ڈیٹا کھونے کا ڈر نہ رہے ہم یہ کم ڈی کسے ساتھ کیا کرتےہیں جو اسی صورت میں ظاہر ہوتی ہے یعنی ایچ ڈی اے 1۔ اصل میں لینکس میں سی سے مراد ہوتی ہے ایچ ڈی اے 1 اس کے بعد 3 مزید سی بن سکتی ہیں۔ اس کے بعد اگلی ڈرائیو شروع ہوتی ہیں۔ سو ڈی کے لیے 5 ، ای کے لیے 6 اور ایسے ہی آگے۔ اس طرح پرائمری ماسٹر کے لیے ایچ ڈی اے، اس کے بعد ایچ ڈی بی پرائمری سلیو کے لیے اور ایسے ہی آگے سی اور ڈی۔


اب آپ کے لیے ہمارا آسان سا مشورہ یہ ہے کہ اپنی ڈی پر چھری پھیر لیں جو کہ پہلے سے ہی منتخب شدہ ہوگی(چونکہ آپ نے اسے خالی کیا ہوا ہے اس لیے پارٹیشنر خودہی اس کو منتخب کرلے گا ورنہ جو آپ نے خالی کی ہوگی یا جس میں زیادہ سے زیادہ فیصد جگہ خالی ہوگی اسے ری سائز کرنے کا کہا جائے گا)۔


اب اگر آپ نے یہ کرلیا ہے تو آگے بڑھنے کے حقدار ہوگئے ہیں لیکن اگر آپ خود سے سارا کام کرنا چاہتے ہیں یعنی لینکس کو خود تیارکرکے ایک عدد پارٹیشن عنایت کرنا چاہتے ہیں تو اسی تصویر میں تیسرے انتخاب پر چلے جائیں۔ ویسے اگر آپ ونڈوز سے اتنے ہی تنگ ہیں تو اپنی ساری ہارڈڈسک کو فارمیٹ بھی مار سکتے ہیں۔


;)


اب ان اصحاب کے لیے ذرا الگ سے جو پارٹیشن کو خود سے کانٹ چھانٹ کر اس پر لینکس کی تنصیب کرنا چاہتے ہیں۔


اوپر والی تصویر میں نظر آنے والا تیسرا اختیار منتخب کرلیں۔ آپ کو اس تصویر کی طرح ایک نئی ونڈو نظر آئے گی۔ اس میں آپ کی تمام پارٹیشنن نظر آرہی ہونگی۔ آپ نے اپنی پسند کی پارٹیشن جس کو چھری پھیرنا ہے پر کلک کریں اور اس کو ڈیلیٹ کے آئکن پر کلک کرکے اڑا دیں۔ اس کے بعد اگلا کام آپ کو دو پارٹیشن بنانے کا کرنا ہے۔ لینکس میں ویسےتو تین پارٹیشن بھی ایک ہی تنصیب کے لیے استعمال ہوتی ہیں جن میں ایک سویپ، ایک روٹ جس میں آپ کا تمام کا تمام لینکس سسٹم نصب شدہ ہوتا ہے اور ایک ہوم پارٹیشن جس میں آپ کا ذاتی ڈیٹا ہوتا ہے ونڈوز والے اسے مائی ڈاکیومنٹس کی طرح سمجھ لیں۔ یہ ہوم والی پارٹیشن اضافی چیز ہے چاہے تو بنائیں نہیں تو روٹ والی میں ہی ایک ہوم فولڈر بن جائے گا۔ سویپ لینکس میں ہارڈڈسک پر میموری کی فائلیں رائٹ کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ خیر آپ نے نئی پارٹیشن تشکیل دینی ہے روٹ کے لیے پانچ جی بی کی سپیس بہت بہترین خیال کی جاتی ہے اس کے سائز کو منتخب کریں اور لیبل میں تصویر کے مطابق ہیش / ڈال دیں۔ لینکس میں اس سے مراد ہوتی ہے روٹ پارٹیشن جس میں سارا سسٹم نصب ہوتا ہے۔ اس کے بعد آپ نے ایک عدد سویپ بھی اسی طرح بنا لینی ہے اس کا ٹائپ آپ نے لینکس سویپ دے دینا ہے۔یاد رہے سویپ کم از کم 800 میگا بائٹ کی ہونی چاہیے اگرچہ ریم سے دوگنا رکھنے کی سفارش کی جاتی یعنی اگر 256 میگا بائٹ کی ریم ہے تو 512 میگا بائٹ کی سویب اور طےشدہ یا بنیادی تنصیب میں جس میں سارا کام خود کارانہ ہوتا ہے سویپ کا سائز آپ کی ریم کے مطابق ہی ہوتا ہے یعنی 256 کی ریم ہے تو سویب بھی 256 کی۔ لیکن یہ میرا ذاتی تجربہ ہے کہ اس صورت میں سسٹم کی رفتار بہت کم ہوتی ہے چناچہ میرے پاس جو سویپ ہے اس کا سائز 800میگا بائٹ کے قریب ہے۔اور یہ میں نے کئی تنصیبوں کے بعد خود سے پارٹیشن بنانے کا اختیار منتخب کرکے کیا تھا۔


یہ کرنے کے لیے شکل کچھ اس قسم کی نکلے گی۔


Free Image Hosting at www.ImageShack.us


آپ سے کی تمام پارٹیشن اس میں نظر آئیں گی۔ اللہ کا نام لے کر ایک پارٹیشن کو چھری پھیریں اور اس سے بچنے والی خالی سپیس کو لینکس میں دونوں ہاتھوں سے لٹا ڈالیں۔


ایک روٹ پارٹیشن تخلیق ہورہی ہے۔


Free Image Hosting at www.ImageShack.us اس میں ایک سویپ پارٹیشن تخلیق کی جارہی ہے جس کا سائز بالا ہدایات کے مطابق رکھا جائے گا۔ Free Image Hosting at www.ImageShack.us اور اب اگر آپ کے پا س کافی ساری سپیس خالی ہے اورلٹانے خواہشمند ہیں تو ایک عدد ہوم پارٹیشن تشکیل دے ڈالیں ورنہ طےشدہ طور پر ایک ہوم فولڈر روٹ میں ہی بن جائے گا۔ Free Image Hosting at www.ImageShack.us اب آپ کی کی گئی تبدیلیاں اس قسم کی ونڈو میں نظر آئیں گی۔ Free Image Hosting at www.ImageShack.us آپ کے اس کے بعد جاری پر کلک کردینا ہے ایک عدد برخیزہ (چھوٹی ونڈو) نمودار ہوکر خبردار کرے گی لیکن اس کی باتوں میں نہ آئیں اور ہاں کردیں۔ آپ کی مرضی کے مطابق سارا کام ہوجائے گا ۔ Free Image Hosting at www.ImageShack.us اس کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے جب آپ مزید جاری رکھیں گے تو نئی ونڈو نمودار ہوگی اور آخر کار آپ کی متعلقہ پارٹیشن کا تیا پانچہ کر ڈالے گی اور اگر آپ نے کچھ غلط کام کرلیاہے تو یہی وقت ہے کہ سر پکڑ لیں۔۔;) Free Image Hosting at www.ImageShack.us اس کے بعد اگلا کام ان کا ماؤنٹ پوائنٹ منتخب کرنا ہے۔ لینکس روٹ، سویپ ہوم اگر بنائی ہے اور دوسری ونڈوز کی فےٹ 32 یا این ٹی ایف ایس پارٹیشن کے لیے ان تصاویر کے مطابق بکسے ظاہر ہونگے آپ نے ان کی ترتیب کے مطابق انھیں ماؤنٹ کرنا ہے۔ پہلی تصویر میں تو لینکس والی پارٹیشن کو فارمیٹ کرنے کا پوچھے گا اور اس کے بعد آپ نے تمام پارٹیشن کو ان کے نمبر کے مطابق ماؤنٹ کردینا ہے۔ بہتر ہوگا کہ نمبر ایک سے شروع کریں۔ماؤنٹ پوائنٹ منتخب کریں اور اس کے بعد اس کے سامنے اس کے مطابق پارٹیشن کا نام منتخب کرلیں۔ جیسے روٹ کے لیے اس نمبر اس سبق میں وہ hda5 ہے۔


ونڈوز کی پارٹیشن کا ماؤنٹ پوائنٹ (وہ فولڈر جہاں پر ونڈوز پارٹیشن کا سارا حجم ظاہر ہوگا) کے لیے لینکس میں /media کے نام سے ایک فولڈر ہوتا ہے چناچہ ونڈوز کی ایک پارٹیشن جس کا نمبر


hda7ہے کی صورت میں اس کا ماؤنٹ پوائنٹ کچھ یوں ہوگا۔


/media/hda7


امید ہے اب آپ کی سمجھ میں یہ گورکھ دھندا آٰگیا ہوگا لیکن ہمارا مشورہ ہے کہ پہلی بار سارا کام خود کار ہی ہونے دیجیے گا بعد میں تجربے کرنے میں حرج نہیں۔ اس مثال میں ماؤنٹ پوائنٹ کو پہلے بے ترتیب انداز میں پھر سائز کے اعتبار سے (جو آپ نے پارٹیشن کرتےہوئے رکھا تھا) اور لیبل دے کر اس کا ماؤنٹ پوائنٹ سیٹ کیا جارہا ہے۔ Free Image Hosting at www.ImageShack.us Free Image Hosting at www.ImageShack.us


یہاں یاد رکھنے کی بات صرف یہ ہے کہ پارٹیشن کے سائز کے مطابق اور اس کے لیبل کے مطابق آپ نے ماؤنٹ پوائنٹ منتخب کرنا ہے یاد رہے کہ ایک کو اگر دو جگہ پر دینے کی کوشش کریں گے تو ایرر آئے گا۔ مزید یہ کہ جتنی پارٹیشن ہونگی اتنے ہی ماؤنٹ پوائنٹ ہونگے اور فارمیٹ آپ نے انھی پارٹیشن کو کرنا ہے جو لینکس سے متعلق ہونگی۔ ویسے بھی طےشدہ میں صرف لینکس والی پارٹیشن کو ہی فارمیٹ کیا جائے گا۔


اب ہم بڑھتے ہیں اپنے اگلے مرحلے کی طرف۔


Free Image Hosting at www.ImageShack.us اس تصویر میں آپ کی دی گئی تفاصیل نمائش کرکے تصدیق کی جائے گی۔ آپ کی بورڈ، بنیادی صارف نام، اس کے علاوہ وہ پارٹیشن جو فارمیٹ ہونے جارہی ہیں آپ یہاں تصدیق کرنے کے بعد جاری پر کلک کردیں اور بنیادی نظام کی تنصیب کا عمل شروع ہوجائے گا۔ Free Image Hosting at www.ImageShack.us <یہ آپ کے سسٹم کی رفتار پر منحصر ہے کہ لینکس کتنی جلدی نصب ہوتا ہے میرے پاس یہ پچیس منٹ سے زیادہ نہیں لیتا۔ ہوسکتا ہے آپ کو اس دوران ایرر دے کہ سیکیورٹی تازہ کاریوں(اپڈٰیٹس) تک رسائی نہیں ہوسکی آپ پرواہ نہ کریں چونکہ یہ ایک آنلائن سسٹم کے لیے ہے آپ کا سسٹم اس کے بغیر بھی نصب ہوگا باقی کام ہم اس کو چلانے کے بعد کریں گے Free Image Hosting at www.ImageShack.us۔


تنصیب کے بعد آپ سے پوچھا جائے گا کہ لائیو سی ڈی مزید استعمال کرنا چاہتے ہیں یا سسٹم کو ری سٹارٹ کرلیا جائے۔ میں ہمیشہ ری سٹارٹ ہی کرلیا کرتا ہوں چانکہ اب سی ڈی کا کام ختم ہوچکا ہے۔ تو اس پر مزید سکریچ ڈالنے کا موقع پیدا کرکے اس کی عمر کیوں کم کی جائے۔


لیجیے جناب یہ تھا ماڑا چنگا لینکس کی تنصیب کا ویب سبق۔ اس کو پورا ہفتہ لگا کر ہم نے لکھا ہے ہر بار کوئی نہ کوئی مسئلہ کھڑاہو جاتا تھا۔ دو بار اس کو لکھتے ہوئے بجلی بند ہوگئی ایک بار مکمل کیا ہوا محفوظ کیا تو ٹھیک طرح محفوظ نہ ہوسکا۔ لیکن ہم نے بھی آخر اس کو مکمل کر ہی ڈالا اس کی تصاویر اور دوسری چھوٹی موٹی مدد ہم نے اس ٹیوٹوریل سے لی ہے۔

جمعہ، 23 فروری، 2007

گیلیون(Galeon) گنوم کا بنیادی ویب براؤزر فی الوقت (کے)اوبنٹو پر میرے لیے بہترین اردو سائٹ براؤزر

آج بہت دنوں بعد دوبارہ سے لینکس پر انٹرنیٹ فعال کرواسکا ہوں۔ میں اصل میں روٹر سے براہ راست انٹرنیٹ استعمال کرتا ہوں اور میرے کیبل نیٹ ورک پر آئی پی سسٹم سارے کا سارا DHCP کے تحت ہے یعنی خودکار پی سی جاگتا ہے سرور سے رابطہ کرتاہے اور اس کو ایک آئی پی الاٹ ہوجاتا ہے میرے کیبل نیٹ ایڈمن نے روٹر کی میری درخواست پر نیٹ ورک ہب سے منسلک کرکے مجھے نیٹ استعمال کرنے کی اجازت تو دے دی تھی لیکن اس سے ایک مسئلہ بن رہا تھا جب بجلی بند ہونے کے بعد دوبارہ آتی تو روٹر صاحب بھی جن کا DHCPبھی فعال تھا پراکسی سرور کے ساتھ آئی پی بانٹنے لگ جاتے جس کے نتیجے میں سرور کے فکسڈ آئی پی کے ساتھ اس وقت چلنے والے سسٹم کا آئی پی پھڈا پڑ جاتا ایک ہی آئی پی پر دونوں اپنا راگ الاپنے لگتے اور نیٹ ورک کا بیڑہ غرق ہوجاتا تین چار بار اس سلسلے کو بجلی کی بندش کے بعد آمد سے مسئلہ پیدا ہونے کی وجہ سے منقطع کرنا پڑا اور میں لینکس پر نیٹ کے سلسلے میں محدودہوجاتا آج میں نے آخر روٹر میں جاکر اس کا ڈی ایچ سی پی ہی غیرفعال کروادیا اب چاہے جتنی بار مرضی بجلی بند ہولے روٹر بے چارے کا منہ بند کیا جاچکا ہے۔


لو جی بات کیا کرنی تھی اور کہاں پہنچ گئی۔ ہوا یہ کہ میں نے آج فائر فاکس (اوبنٹو کی آفیشل رپازیٹری سے) اتار کر نصب کیا تو سوچا گیلیون بھی نصب کرکے دیکھ لوں شاید چل جائے آخری بار اسے نصب کیا تھا تو ساتھ فائر فاکس بھی چلا آیا تھا جیسے فلموں میں اداکاراؤں کے ساتھ نانیاں دادیاں چلی آتی ہیں۔ اللہ اللہ کرکے نصب ہوا تو اس نے پراکسی لینے سے انکار کردیا تھا مصر تھا کہ گنوم کو بھی بلایا جائے اب بندہ پوچھے اگر گنوم پر ہی دھکے کھانے تھے تو میں کے ڈی ای پر کیوں آتا۔ اب چونکہ ہمارا نیٹ بغیر پراکسی کے چلتاہے اس لیے یہ ہماری بات مان گیا اور اب ہم اس پر اردو کی سائٹس کو وزٹ کیا کریں گے خصوصًا محفل اور بلاگز جہاں پر ویب پیڈ کنکرر میں چلتا نہ تھا اور جن کا اردو نسخ ایشیا ٹائپ یا کوئی دوسرا فونٹ فائر فاکس میں صحیح نظر نہ آتا تھا۔ محفل کا گیلیون سے ایک منظر


Free Image Hosting at www.ImageShack.us

جمعہ، 16 فروری، 2007

صدر صاحب فیصل آباد کو عزت بخش رہے ہیں

کل مورخہ 17 فروری بروز ہفتہ ہمارے ہردلعزیز صدر جناب پرویز مشرف صاحب فیصل آباد کو رونق بخش رہےہیں۔


ان کی آمد کے پیش نظر چمچے کڑچھے الرٹ ہوچکے ہیں۔شہر کی سڑکوں پر سٹریٹ لائٹو ں کے ساتھ پرنٹ شدہ اشتہار لگ چکے ہیں جن میں بڑے لیڈر صاحب چھوٹے لیڈر یعنی سب کے بھائی پرویز الہی کے ساتھ ہاتھ ملا رہے ہیں۔


شہر کے ہر چوک پر مشرف زندہ باد، مشرف کو دوبارہ لانا ہے، مشرف آوے ای آوے کے بینر معہ چمچوں کی "منجانبوں" کے لگ چکے ہیں۔


سکولوں کو چھٹی کردی گئی ہے اور بچوں کو اقبال سٹیڈیم پہنچنے کی ہدایت دے دی گئی ہے بلکہ حکومت کے خرچے پر بسیں بھر کر بچے اقبال سٹیڈیم پہنچانے کا بندوبست کردیا گیا ہے تاکہ اسمبلی کی طرح یہاں "کورم" کا مسئلہ نہ بن جائے۔


حفاظتی نقطہ نظر سے فوج طلب کرلی گئی ہے جس نے اقبال سٹیدیم و نواحی علاقوں کو کنٹرول میں لے لیا ہے تاکہ ہردلعزیز لیڈر کو کسی بھی قسم کے گزند سے بچایا جاسکے۔ اور عاوام کا کیا حال ہوگا ٹریفک کدھر جائے گی کوئی ٹینشن نہیں کسی کو۔


پولیس حفظ ماتقدم کے طور پر شہر کے ہر چوک پر تعینات کردی گئی ہے ۔


ٹی وی کی کوریج کا بھی مناسب بندوبست کردیا گیا ہوگا اور سرکاری ٹی وی کا پیٹ بھرنے کے لیے عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح گھسیٹ کر سٹیڈیم لے جانے کا بھی وافر انتظام ہوگا اور یقینًا چمچوں کڑچھوں کو ان کا کوٹا الاٹ کردیا گیا ہوگا کہ اتنی بھیڑیں چاہییں تمہاری طرف سے۔


صدر صاحب زندہ باد، صدر صاحب کا پاکستان زندہ باد۔


اور عوام کا کیا ہے یہ تو کم عقل ہیں۔ جاہل کوم تھرڈ کلاس لوگ تھرڈ کلاس سوچ یہ کیا جانیں پاکستان کو کس طرح چلانا ہے اور جمہوریت کس طرح پروان چڑھانی ہے۔ اسی لیے ان کو روزی روٹی کی ڈال دی گئی ہے نہ بھوک ختم ہو نہ یہ سر اٹھائیں۔


 


 


 

بدھ، 14 فروری، 2007

آج ویلنٹائن ڈے ہے

آج ویلنٹائن ڈے ہے ۔۔


جس کا نام آتے ہی ایک عدد عاشق صادق ایک عدد محبوبہ دلنواز ایک عدد میز اور ایک عدد بڑے سے سرخ گلابوں کے گلدستے کا خیال آتا ہے۔


ویسے تو آج کل ٹیلی وژن والے بڑے زور و شور سے اسے یوم محبت عشق ڈے وغیرہ وغیرہ قرار دینے پر تلے ہوئے ہیں لیکن ہمیں اس دن سے جتنی چڑ ہے آج اپنے شاگردوں کی وجہ سے اتنا ہی پیار آٰیا ہے اس دن پر۔


آج میں اکیڈمی میں دس منٹ کے قریب دیر سے پہنچا۔ ایک لڑکی کے علاوہ سارے شاگرد غائب تھے۔ اس سے پوچھا تو بولی سر تینوں اٹھ کر ابھی گئے ہیں۔


میں نے غصے میں آکر ریاضی کا کروانا شروع کردیا دس منٹ کے بعد وہ آئے تو تینوں کے ہاتھوں میں ایک ایک گلاب کی ادھ کھلی کلی تھی۔ بولے سر آپ کے لیے لے کر آئے ہیں۔ میں غصے میں تھا بولا کھڑے رہو۔ لیکن چھٹی کے وقت انھوں نے با اصرار مجھے ایک کلی دے ہی دی۔ لیکن باقی دو میں نے دوسرے اساتذہ کو بھجوا دیں جنھوں نے خصوصًا میرا شکریہ ادا کیا۔ میرے بچوں نے مفت میں اکیڈمی میں میری ٹور بنوا دی۔


تھینکس بچو۔ واقعی محبت رشتوں سے ماوراء ہوتی ہے۔


اب میں انھیں کل خود گفٹ دینے کا سوچ رہا ہوں۔ آپ کا کیا خیال ہے کیا دیا جائے؟


میرے ذہن میں پین یا بال پین ہیں۔ چونکہ ایک استاد قلم کا تحفہ ہی دے سکتا ہے اور آپ کو کیا بتاؤں میری کمزور سی پاکٹ کہیں قیں ہی نہ ہوجائے یہ بھی تو دیکھنا ہے۔



;)

بدھ، 7 فروری، 2007

سوِفٹ فاکس(Swiftfox) فائرفاکس کا لینکس روپ

موزیلا فائر فاکس اس وقت مقبول عام آزاد ویب براؤزر ہے۔ ونڈوز لینکس کسی بھی پلیٹ فارم پر اسے ہی استعمال کرنے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ بدقسمتی سے موزیلا نے لینکس کے لیے فائر فاکس کو ٹھیک طرح پالش نہیں کیا جس کی وجہ سے بعض اوقات لینکس پر چلتے ہوئے فائر فاکس رک رک کر چلتا ہے اور کم رفتار سے چل کر سسٹم کو بھی وخت ڈال دیتا ہے۔


اس صورت حال کو اوبنٹو والوں نے اپنی فائر فاکس اشاعت بنا کر پورا کیا ہے۔ شاید باقی قسموں نے بھی کوئی اسی قسم کا حل نکالا ہو جس میں فائر فاکس کو متعلقہ ماحول کے تحت بہتر طریقے سے وضع کیا گیا ہو۔ لیکنہمارے پیش نظر اس وقت اوبنٹو ہے۔ اوبنٹو کا بنا ہوا فائر فاکس استعمال تو کرلیا جائے لیکن انھوں نے اس کی خودکار تازہ کاری کا انتخاب معطل کررکھا ہے جس کی وجہ سے بڑا مسئلہ ہوتا ہے ونڈوز پر تو سیدھے سبھاؤ فائر فاکس خود ہی سارا کام کرکے آپ کو صرف اتنا بتاتا ہے کہ تازہ کاری اتر گئی نصب کرنے کے بارے میں بتائیں ابھی کریں گے یا ذرا ٹھہر کر۔


لیکن ہائے رے اوبنٹو۔ اوبنٹو کی ہر رگ ہی نرالی ہے۔ ہر چیز پر پہرے بٹھا رکھے ہیں انھوں نے۔


لیکن وہ کیا کہتےہیں کہ لوگ بھلا بعض آتے ہیں۔ صاحبو ہم بھی صدا کے ضدی ہیں وہ کام کرتے ہیں جو کرنے سے روکا جائے۔ اس لیے ہم بجائے کہ طےشدہ ورژن استعمال کرتے سوِفٹ فاکس نصب کرلیا۔فائر فاکس کی ہر نئی اشاعت کی کانٹ چھانٹ اور رنگ روغن کرکے سوفٹ فاکس بنا لیا جاتا ہے جو ہے تو فائر فاکس بس نام بدلا ہوا ہے۔ لینکس قسم کی قید سے آزاد یہ براؤزر فائر فاکس سے بہتر نتائج دیتا ہے خصوصًا جب فائر فاکس کو گنوم کے علاوہ استعمال کرنا ہو یعنی کے ڈی ای میں۔


اس کے ریلیز والے صفحے پر جائیں اپنے سی پی یو کے مطابق تنصیب کار سکرپٹ اتاریں اور ٹرمینل سے چلا لیں۔ سوفٹ فاکس اتر کر نصب ہوجائے گا خودکار تازہ کاریوں کو فعال کرنا ہے تو روٹ کھاتے سے داخل ہوکر اس کی ترجیحات میں جاکر اس انتخاب کو نشان زد کردیں آئندہ یہ خودبخود تازہ ہوتا رہے گا۔


اگر ایسا نہیں کرنا تو آٹومیٹکس اس کا بہترین حل ہے۔یہ آپ کے لینکس ورژن(یعنی اوبنٹو کبنٹو ورژن) اور سی پی یو سپیڈ کے مطابق سوفٹ فاکس اتار کر نصب کردیتی ہے ساتھ ہی اس کے دخیلوں یعنی پلگ ان نصب کرنے کا بھی آپشن ہے لگے ہاتھوں وہ بھی نصب کرلیں اور فائر فاکس کے مزے لوٹیں۔ لیکن دخیلے کچھ دیر لے سکتے ہیں جیسے ہمیں کوئی اڑھائی گھنٹے ہونے کو آرہے ہیں ابھی تک اترے ہی نہیں یہی کوئی 50 ایم بی ڈیٹا اتر چکا ہے۔


;)


 


 

پیر، 5 فروری، 2007

لینکس(اوبنٹو/کبنٹو) میں فونٹ ہِنٹنگ کو فعال کریں۔Enable Hinting in Linux For Better Font Rendering

عزیزان من آج ہم نے بڑی کام کی شےء ڈھونڈی ہے۔ محفل کے گراں قدر رکن اور پاک نستعلیق کے خالق جناب محسن حجازی نے ایک بار محفل پر ہی لینکس میں فونٹ ہنٹنگ کے بارے میں ذکر کیا تھا کہ طےشدہ طور پر فعال نہیں ہوتی کرنا پڑتی ہے چونکہ یہ ملکیتی اور پیٹنٹ شدہ چیز ہے۔ اسی وجہ سے ہمیں لینکس پر فونٹ اس معیار کے نظر نہیں آتے تھے جس معیار کے ونڈوز پر تھے۔ آخر کار ہمیں آج ایک حل مل ہی گیا سوچا آپ سے شئیر کرتے چلے جائیں۔ اس ربط پر چلے جائیں۔ دی گئی فائل کو ہدایت کے مطابق اتار کر اپنے ہوم فولڈرمیں نام بدل کر رکھ دیں۔ خروج کرکے دوبارہ داخل ہوں اور کمال دیکھیں آپ کو فونٹس کی پیشکش میں واضح فرق نظر آئے گا یہ ہِنٹنگ کی وجہ سے ہے۔ اصل میں ہنڈنگ سے فونٹ تھوڑا سا موٹا نظر آتا ہے (کم از کم لینکس پر) جس سے اس کی خوبصورتی بڑھ جاتی ہے۔ لینکس استعمال کرتے رہیں اور موج کرتے رہیں۔ وسلام

ہفتہ، 3 فروری، 2007

How to Upgrade Wordpress?ورڈپریس کو جدید کس طرح کریں؟

کئی دن کی کھجل خواری اور ڈر ڈر کے آخر دو دن پہلے ہم نے ورڈپریس کو جدید کر ہی لیا۔ پہلے ہمارے پاس ورڈ پریس 2.0.4 تھا لیکن جب ورڈپریس 2.1 آیا تو اس میں موجود خوبیاں دیکھ کر ہمارا دل بے اختیار للچا اٹھا چناچہ ہم نے متعلقہ سائٹ سے ورڈپریس کو جدید کرنے کے بارے میں معلومات اکٹھی کیں اور اللہ کا نام لے کر پرسوں صبح بیٹھ کر یہ کام کرہی ڈالا۔ الحمد اللہ ہمارا ورڈپریس بالکل وَل چل رہا ہے۔ بس ایک مسئلہ ہے نبیل بھائی کا ویب پیڈ اب اس کے پوسٹ پیج پر کام نہیں کرتا چونکہ اس میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں ہم نے کافی زور آزمائی کی لیکن بات نہ بنی۔ خیر امید ہے یہ کام بھی ہوجائے گا بقول نبیبل بھائی کے وہ ویب پیڈ کی شمولیت مزید آسان بنانے کے لیے اس کو جدید کررہے ہیں اللہ کرے یہ آسانی سے شامل ہوجائے ورڈپریس میں۔


لو جی اتنی ساری بک بک سننے کے بعد آپ لازمًا بور ہوگئے ہونگے سو آپ کی بوریت کو دور کیے دیتے ہیں اور لیے چلتے ہیں آپ کو بطرف ورڈ پریس کی جدت۔


ویسے تو ورڈپریس کو جدید کرنے کے لیے پیشہ ورانہ سایٹ پر ہدایات موجود ہیں۔لیکن ہم آپ کو دیسی اور آسان طریقہ بتاتے ہیں جو کہ اخذ وہیں سے کیا گیا ہے لیکن ذرا دیسی سٹائل میں اس کا بیان آپ کو سمجھنے میں آسانی مہیا کردے گا۔


سب سے پہلا کام جو آپ نے ورڈپریس کو جدید کرنے کے لیے کرنا ہے وہ یہ ہے کہ اس کی ویب سائٹ سے ورڈپریس اتار لینا ہے۔


اگلا کام یہ کریں کہ اپنی ڈیٹابیس کی پشتادہ نقل یعنی بیک اپ کرلیں تاکہ اگر کوئی گڑبڑ ہوجائے تو مسئلہ نہ ہو۔ ورڈپریس والے تو ساری کی ساری فائلوں کو نقل کرلینے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا بہرحال یہ آپ کے وسائل پر منحصر ہے ویسے احتیاط اچھی بات ہوتی ہے۔ اور ہاں ورڈپریس کی ڈیٹابیس کی نقل لینا کوئی مشکل کام نہیں پلگ انز میں جاکر ڈیٹابیس بیک اپ کے دخیلے کو فعال کریں پھر مینج میں جاکر اس سے پشتادہ نقل تیار کرلیں۔ یہ دخیلہ ورڈپریس میں طےشدہ طور پر موجود ہوتا ہے۔


لوجی ورڈپریس اتنی دیر میں اتر گیا ہوگا اور آپ نے یقینًا ڈیٹابیس اور متعلقہ فائلوں کی پشتادہ نقل تیار کرلی ہوگی۔ اگلا کام اب یہ ہے کہ آپ نے ورڈپریس کنفگ پی ایچ پی فائل جو کہ روٹ میں ہی موجود ہوتی ہے کو ہوبہو نقل کرکے نئے ورڈپریس فولڈر میں ڈال دینا ہے اور اس میں پہلے سے موجود فائل جو کہ wp-sample-config.php کے نام سے ہوگی کو اڑا دینا ہے اس فائل میں آپ کی ڈیٹابیس کی معلومات محفوظ ہوتی ہیں سو اس کو نہیں چھیڑتا۔


اس کے بعد آپ نے اپنے تمام کے تمام فعال دخیلے یعنی پلگ انز ورڈپریس ناظمی پینل کے پلگ ان نامی ربط میں جاکر باری باری غیر فعال کردیتے ہیں۔


اگلا کام جو آپ نے کرنا ہے وہ یہ ہے کہ فائل زیلا یا اپنے کسی بھی پسندیدہ ایف ٹی پی مینجر سے ورڈپریس 2.1 کو اٹھا کر اپنے سرور پر چڑھا دینا ہے لیکن ٹھہریں آپ نے /wp-content نامی فولڈر کو سرور پر کچھ نہیں کہنا۔


اس فولڈر میں آپ کے پسندیدہ ورڈپریس حلیے یعنی تھیم اور دخیلے ہوتے ہیں اس کو ایسے ہی رہنے دینے کے لیے ہم نے یہ کیا تھا کہ ورڈپریس 2.1 جو سرور پر چڑھانا تھا کے فولڈر میں سے وپ کونٹینٹ والا فولڈر ہی اڑا دیا اور باقی سب کو منتخب تمام کرکے سرور پر چڑھا دیا۔ اس دوران آپ کا ایف ٹی پی ناظم پوچھے گا کہ کیا پرانی فائلوں کو اوور رائٹ کردوں آپ نے ہاں کردینی ہے بلکہ ہر بار کی زحمت س بچنے کےلیے آپ نیچے دئیے ہوئے ہمیشہ ایسا کریں کے بکس کو نشان زد کردیجیے۔ کوئی دو میگا بائٹ کے قریب ورڈپریس کی چڑھائی آپ کے کنکشن کی رفتار پر منحصر ہوگی۔ اس کو آدھ گھنٹے سے زیادہ نہیں لینا چاہیے ویسے۔


لیجیے جب یہ کام ہوگیا تو اگلا کام آپ نے اپگریڈ پی ایچ پی فائل کو چلانے کا کرنا ہے۔ اس کی مثال یہ ہوسکتی ہے۔


( http://example.com/wordpress/wp-admin/upgrade.php )


یہاں مثال کی جگہ اپنا بلاگ پتہ لکھ دیں اور اسی کو چلالیں۔ فائل چلے گی اور آپ کو بلاگ جدید کرنے کو کہا جائے گا آپ اللہ کا نام لے کر اس بٹن پر کلک کردیں۔ اگلے مرحلے پر سب کچھ ہوجائے گا اور آپ کو انجوائے اٹ کا ایک ربط نظر آئے گا اس پر کلک کریں اورآپ کا بلاگ جدید ہوگیا۔ ایڈمن پینل میں جائیں آپ کو واضح تبدیلیاں نظر آئیں گی۔۔ اگر کوئی گڑبڑ محسوس ہو تو صفحے کو ایک بار تازہ کرلیں امید ہے مسئلہ حل ہوجائے گا۔ اب اپنے دخیلے دوبارہ سے فعال کرلیں اور آپ تیار ہیں تازہ ترین ورڈپریس استعمال کرنے کے لیے۔


اور ہاں یہ تو میں بھول ہی گیا آخر ورڈپریس 2.1 میں نیا ہے کیا۔ اس میں ویسے تو کافی ساری خوبیاں ہیں جن کا ذکر پیشہ ورانہ ویب سائٹ پر موجود ہے لیکن میرے خیال سے جو بہترین خوبیاں اس میں اس بار شامل کی گئی ہیں ان میں نمبر ایک تو پوسٹ لکھتے ہوئے اس کا خودکار انداز میں ایک مخصوص وقت کے بعد سرور پر محفوظ ہوتے جانا ہے یہ ایک عرصے سے مطالبہ تھا ورڈپریس کے صارفین کی طرف سے جس کو اس اشاعت میں پورا کیا گیا ہے۔اس طرح لکھنے والا بار بار محفوظ کرنے کے عذاب سے بچا رہتا ہے ۔


دوسری چیز جو اس سے بھی زیادہ اچھی ہے وہ ہے ورڈپریس سے ورڈپریس بلاگ میں ڈیٹا برآمد کرنا۔ پہلے یہ سہولت غیر پیشہ ورانہ دخیلے کی صورت میں دستیاب تھی جس کو میں نے ٹرائی کیا بھی لیکن وہ کچھ اتنی خاص نہ تھی اور اس پر مزید کام کی ضرورت تھی۔ اب ورڈپریس میں درآمد اور برآمد دونوں کے انتخابات موجود ہیں۔


مینج میں جائیں اور ایکسپورٹ پر کلک کردیں۔ آپ کے سامنے ایک صفحہ کھل جائے گا جس میں کسی ایکس ایم ایل فائل بنانے کی بات کی گئی ہوگی۔ آپ کو صرف ایک بٹن پر کلک کرنا ہے اور آپ کے تمام کے تمام ورڈپریس ڈیٹا کی نقل آپ کے کمپیوٹر میں ایک ایکس ایم ایل یا آرایس ایس فائل کی شکل میں اتر جائے گی یہ فائل صرف ورڈپریس ہی استعمال کرسکے گا۔


اس کے بعد جب بھی آپ تحاریر دوبارہ سے واپس لانا چاہیں چاہے یہ کہیں کسی بھی ورڈپریس بلاگ پر ہو بس اسی ایکسپورٹ کے ساتھ والے ربط امپورٹ پر کلک کرکے تمام تحاریر، تبصرے، زمرے اور سب کچھ واپس حاصل کرلیں جو آپ کے پچھلے بلاگ میں موجود تھا۔ ہم یہ تجربہ ذاتی طور پر فرما چکے ہیں ملاحظہ کیجیے۔


مزے دار چیز ہے نا؟ وہ احباب جن کو اپنے ورڈپریس ڈیٹا کی فکر تھی اب بے فکر رہیں اب کچھ نہیں ہوگا اب آپ کسی بھی فری ہوسٹ پر بے دھڑک ورڈپریس بلاگ بنا سکتے ہیں۔ لیکن ایک حد شاید لگ جائے وہ ہے فائل چڑھانے کی حد۔ میرے سرور پر یہ حد ایک میگا بائٹ ہے شاید جس کی وجہ سے ورڈپریس کے درآمد کنندہ نے مجھے ایک میگا بائٹ زیادہ سے زیادہ فائل سائز کا اشارہ دیا تھا۔ خیر جب ایک میگا بائٹ ہوگا ہم کہیں اور اڑ چکے ہونگے۔ فی الحال تو چلنے دیں۔


تو یہ تھا جناب ورڈپریس کے بارے میں ہمارے تازہ ترین تجربات اور جاتے جاتے ایک خبر بھی سن لیجیے ورڈپریس والوں نے بھی اوبنٹو کی طرح مخصوص دورانیے کے بعد اپنے نئے نسخے جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان کا اگلا اہم نسخہ شاید اپریل کے آخر میں منظر عام پر آجائے گا۔


ورڈپریس جدید ہوتا جارہا ہے اور ہماری بدقسمتی ہم ہر بار اردو محفل پر صرف اس کا ترجمہ ہی جدید کرتے ہیں ایک اردو ورڈپریس پیکج بنانے کا خواب تھا جانے کب تعبیر بن سکے۔ :(


ہماری تو یہی دعا ہے کہ اللہ آزا د مصدر کو یونہی ترقی دے چاہے وہ لینکس کی صورت میں ہو یا ورڈپریس کی شکل میں۔


جئے آزاد مصدر جئیں آزاد مصدر کے چاہنے والے۔


دعاؤں میں یاد رکھیے گا


وسلام