ہفتہ، 3 فروری، 2007

How to Upgrade Wordpress?ورڈپریس کو جدید کس طرح کریں؟

کئی دن کی کھجل خواری اور ڈر ڈر کے آخر دو دن پہلے ہم نے ورڈپریس کو جدید کر ہی لیا۔ پہلے ہمارے پاس ورڈ پریس 2.0.4 تھا لیکن جب ورڈپریس 2.1 آیا تو اس میں موجود خوبیاں دیکھ کر ہمارا دل بے اختیار للچا اٹھا چناچہ ہم نے متعلقہ سائٹ سے ورڈپریس کو جدید کرنے کے بارے میں معلومات اکٹھی کیں اور اللہ کا نام لے کر پرسوں صبح بیٹھ کر یہ کام کرہی ڈالا۔ الحمد اللہ ہمارا ورڈپریس بالکل وَل چل رہا ہے۔ بس ایک مسئلہ ہے نبیل بھائی کا ویب پیڈ اب اس کے پوسٹ پیج پر کام نہیں کرتا چونکہ اس میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں ہم نے کافی زور آزمائی کی لیکن بات نہ بنی۔ خیر امید ہے یہ کام بھی ہوجائے گا بقول نبیبل بھائی کے وہ ویب پیڈ کی شمولیت مزید آسان بنانے کے لیے اس کو جدید کررہے ہیں اللہ کرے یہ آسانی سے شامل ہوجائے ورڈپریس میں۔


لو جی اتنی ساری بک بک سننے کے بعد آپ لازمًا بور ہوگئے ہونگے سو آپ کی بوریت کو دور کیے دیتے ہیں اور لیے چلتے ہیں آپ کو بطرف ورڈ پریس کی جدت۔


ویسے تو ورڈپریس کو جدید کرنے کے لیے پیشہ ورانہ سایٹ پر ہدایات موجود ہیں۔لیکن ہم آپ کو دیسی اور آسان طریقہ بتاتے ہیں جو کہ اخذ وہیں سے کیا گیا ہے لیکن ذرا دیسی سٹائل میں اس کا بیان آپ کو سمجھنے میں آسانی مہیا کردے گا۔


سب سے پہلا کام جو آپ نے ورڈپریس کو جدید کرنے کے لیے کرنا ہے وہ یہ ہے کہ اس کی ویب سائٹ سے ورڈپریس اتار لینا ہے۔


اگلا کام یہ کریں کہ اپنی ڈیٹابیس کی پشتادہ نقل یعنی بیک اپ کرلیں تاکہ اگر کوئی گڑبڑ ہوجائے تو مسئلہ نہ ہو۔ ورڈپریس والے تو ساری کی ساری فائلوں کو نقل کرلینے کا مشورہ دیتے ہیں لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا بہرحال یہ آپ کے وسائل پر منحصر ہے ویسے احتیاط اچھی بات ہوتی ہے۔ اور ہاں ورڈپریس کی ڈیٹابیس کی نقل لینا کوئی مشکل کام نہیں پلگ انز میں جاکر ڈیٹابیس بیک اپ کے دخیلے کو فعال کریں پھر مینج میں جاکر اس سے پشتادہ نقل تیار کرلیں۔ یہ دخیلہ ورڈپریس میں طےشدہ طور پر موجود ہوتا ہے۔


لوجی ورڈپریس اتنی دیر میں اتر گیا ہوگا اور آپ نے یقینًا ڈیٹابیس اور متعلقہ فائلوں کی پشتادہ نقل تیار کرلی ہوگی۔ اگلا کام اب یہ ہے کہ آپ نے ورڈپریس کنفگ پی ایچ پی فائل جو کہ روٹ میں ہی موجود ہوتی ہے کو ہوبہو نقل کرکے نئے ورڈپریس فولڈر میں ڈال دینا ہے اور اس میں پہلے سے موجود فائل جو کہ wp-sample-config.php کے نام سے ہوگی کو اڑا دینا ہے اس فائل میں آپ کی ڈیٹابیس کی معلومات محفوظ ہوتی ہیں سو اس کو نہیں چھیڑتا۔


اس کے بعد آپ نے اپنے تمام کے تمام فعال دخیلے یعنی پلگ انز ورڈپریس ناظمی پینل کے پلگ ان نامی ربط میں جاکر باری باری غیر فعال کردیتے ہیں۔


اگلا کام جو آپ نے کرنا ہے وہ یہ ہے کہ فائل زیلا یا اپنے کسی بھی پسندیدہ ایف ٹی پی مینجر سے ورڈپریس 2.1 کو اٹھا کر اپنے سرور پر چڑھا دینا ہے لیکن ٹھہریں آپ نے /wp-content نامی فولڈر کو سرور پر کچھ نہیں کہنا۔


اس فولڈر میں آپ کے پسندیدہ ورڈپریس حلیے یعنی تھیم اور دخیلے ہوتے ہیں اس کو ایسے ہی رہنے دینے کے لیے ہم نے یہ کیا تھا کہ ورڈپریس 2.1 جو سرور پر چڑھانا تھا کے فولڈر میں سے وپ کونٹینٹ والا فولڈر ہی اڑا دیا اور باقی سب کو منتخب تمام کرکے سرور پر چڑھا دیا۔ اس دوران آپ کا ایف ٹی پی ناظم پوچھے گا کہ کیا پرانی فائلوں کو اوور رائٹ کردوں آپ نے ہاں کردینی ہے بلکہ ہر بار کی زحمت س بچنے کےلیے آپ نیچے دئیے ہوئے ہمیشہ ایسا کریں کے بکس کو نشان زد کردیجیے۔ کوئی دو میگا بائٹ کے قریب ورڈپریس کی چڑھائی آپ کے کنکشن کی رفتار پر منحصر ہوگی۔ اس کو آدھ گھنٹے سے زیادہ نہیں لینا چاہیے ویسے۔


لیجیے جب یہ کام ہوگیا تو اگلا کام آپ نے اپگریڈ پی ایچ پی فائل کو چلانے کا کرنا ہے۔ اس کی مثال یہ ہوسکتی ہے۔


( http://example.com/wordpress/wp-admin/upgrade.php )


یہاں مثال کی جگہ اپنا بلاگ پتہ لکھ دیں اور اسی کو چلالیں۔ فائل چلے گی اور آپ کو بلاگ جدید کرنے کو کہا جائے گا آپ اللہ کا نام لے کر اس بٹن پر کلک کردیں۔ اگلے مرحلے پر سب کچھ ہوجائے گا اور آپ کو انجوائے اٹ کا ایک ربط نظر آئے گا اس پر کلک کریں اورآپ کا بلاگ جدید ہوگیا۔ ایڈمن پینل میں جائیں آپ کو واضح تبدیلیاں نظر آئیں گی۔۔ اگر کوئی گڑبڑ محسوس ہو تو صفحے کو ایک بار تازہ کرلیں امید ہے مسئلہ حل ہوجائے گا۔ اب اپنے دخیلے دوبارہ سے فعال کرلیں اور آپ تیار ہیں تازہ ترین ورڈپریس استعمال کرنے کے لیے۔


اور ہاں یہ تو میں بھول ہی گیا آخر ورڈپریس 2.1 میں نیا ہے کیا۔ اس میں ویسے تو کافی ساری خوبیاں ہیں جن کا ذکر پیشہ ورانہ ویب سائٹ پر موجود ہے لیکن میرے خیال سے جو بہترین خوبیاں اس میں اس بار شامل کی گئی ہیں ان میں نمبر ایک تو پوسٹ لکھتے ہوئے اس کا خودکار انداز میں ایک مخصوص وقت کے بعد سرور پر محفوظ ہوتے جانا ہے یہ ایک عرصے سے مطالبہ تھا ورڈپریس کے صارفین کی طرف سے جس کو اس اشاعت میں پورا کیا گیا ہے۔اس طرح لکھنے والا بار بار محفوظ کرنے کے عذاب سے بچا رہتا ہے ۔


دوسری چیز جو اس سے بھی زیادہ اچھی ہے وہ ہے ورڈپریس سے ورڈپریس بلاگ میں ڈیٹا برآمد کرنا۔ پہلے یہ سہولت غیر پیشہ ورانہ دخیلے کی صورت میں دستیاب تھی جس کو میں نے ٹرائی کیا بھی لیکن وہ کچھ اتنی خاص نہ تھی اور اس پر مزید کام کی ضرورت تھی۔ اب ورڈپریس میں درآمد اور برآمد دونوں کے انتخابات موجود ہیں۔


مینج میں جائیں اور ایکسپورٹ پر کلک کردیں۔ آپ کے سامنے ایک صفحہ کھل جائے گا جس میں کسی ایکس ایم ایل فائل بنانے کی بات کی گئی ہوگی۔ آپ کو صرف ایک بٹن پر کلک کرنا ہے اور آپ کے تمام کے تمام ورڈپریس ڈیٹا کی نقل آپ کے کمپیوٹر میں ایک ایکس ایم ایل یا آرایس ایس فائل کی شکل میں اتر جائے گی یہ فائل صرف ورڈپریس ہی استعمال کرسکے گا۔


اس کے بعد جب بھی آپ تحاریر دوبارہ سے واپس لانا چاہیں چاہے یہ کہیں کسی بھی ورڈپریس بلاگ پر ہو بس اسی ایکسپورٹ کے ساتھ والے ربط امپورٹ پر کلک کرکے تمام تحاریر، تبصرے، زمرے اور سب کچھ واپس حاصل کرلیں جو آپ کے پچھلے بلاگ میں موجود تھا۔ ہم یہ تجربہ ذاتی طور پر فرما چکے ہیں ملاحظہ کیجیے۔


مزے دار چیز ہے نا؟ وہ احباب جن کو اپنے ورڈپریس ڈیٹا کی فکر تھی اب بے فکر رہیں اب کچھ نہیں ہوگا اب آپ کسی بھی فری ہوسٹ پر بے دھڑک ورڈپریس بلاگ بنا سکتے ہیں۔ لیکن ایک حد شاید لگ جائے وہ ہے فائل چڑھانے کی حد۔ میرے سرور پر یہ حد ایک میگا بائٹ ہے شاید جس کی وجہ سے ورڈپریس کے درآمد کنندہ نے مجھے ایک میگا بائٹ زیادہ سے زیادہ فائل سائز کا اشارہ دیا تھا۔ خیر جب ایک میگا بائٹ ہوگا ہم کہیں اور اڑ چکے ہونگے۔ فی الحال تو چلنے دیں۔


تو یہ تھا جناب ورڈپریس کے بارے میں ہمارے تازہ ترین تجربات اور جاتے جاتے ایک خبر بھی سن لیجیے ورڈپریس والوں نے بھی اوبنٹو کی طرح مخصوص دورانیے کے بعد اپنے نئے نسخے جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان کا اگلا اہم نسخہ شاید اپریل کے آخر میں منظر عام پر آجائے گا۔


ورڈپریس جدید ہوتا جارہا ہے اور ہماری بدقسمتی ہم ہر بار اردو محفل پر صرف اس کا ترجمہ ہی جدید کرتے ہیں ایک اردو ورڈپریس پیکج بنانے کا خواب تھا جانے کب تعبیر بن سکے۔ :(


ہماری تو یہی دعا ہے کہ اللہ آزا د مصدر کو یونہی ترقی دے چاہے وہ لینکس کی صورت میں ہو یا ورڈپریس کی شکل میں۔


جئے آزاد مصدر جئیں آزاد مصدر کے چاہنے والے۔


دعاؤں میں یاد رکھیے گا


وسلام


 


 

14 تبصرے:

  1. اگر امپورٹ کے دوران کوئی فائل موو کرنے کے سلسلے میں کوئی ایرر آئے تو اس کا حل یہ ہے کہ وپ کونٹینٹ نامی فولڈر کی اجازتیں 777 کردیں۔ انشاءاللہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. شاکر عزیز بھائی۔
    آپ نے ہمارے بڑے مسائل کردیئے، اللہ آپ کے مسائل حل کرے۔(آمین)

    جواب دیںحذف کریں
  3. یہ تو آپ ورڈپریس کے سائیوں کو دعائیں دیں جنھوں نے اتنا کام کیا ہے۔ میں نے تو صرف اطلاع دی ہے۔
    دعا دینے کا شکریہ
    وسلام

    جواب دیںحذف کریں
  4. شاکر !
    ان اچھے اھچے مضامین کےلئے بہت بہت شکریہ ۔ ہم اس سے بہت کچھ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں ۔

    جواب دیںحذف کریں
  5. آپ کی محبت ہے جناب۔
    شکریہ۔

    جواب دیںحذف کریں
  6. بہت اچھے شاکر۔۔۔آپ کو تو ورڈ پریس کی لوکلائزیشن ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔:D

    جواب دیںحذف کریں
  7. ہا ہا ہا۔
    وہ تو میں ہوں۔ کاش کہ اردو ورڈپریس جاری بھی ہوجائے۔
    حسرت ان غنچوں پہ جو بن کھلے مرجھا گئے۔

    جواب دیںحذف کریں
  8. شاکر، بھائی صاحب یہ حسرت کا اظہار کس بات پر ہو رہا ہے؟ اردو ورڈپریس انشاءاللہ جلد جاری ہوگا اور آپ ہی اس پراجیکٹ کو سنبھالیں گے۔

    جواب دیںحذف کریں
  9. جی وہ تو سنھبالوں گا کب انکار کیا ہے لیکن بہت دیر ہوگئی ہے اس کو۔
    آپ نے محسوس کیا ہے کہ اردو ویب پر پی ایچ پی بی بی کے بعد کوئی سافٹویر ترجمہ کیا گیا ہو ان دو(کے قریب) سالوں میں؟
    اب مکی نے آکر کچھ سافٹویر اردو کیے ہیں اور ہم پوری کی پوری فوج بس ۔۔۔

    جواب دیںحذف کریں
  10. بہت خوب شاکر صاحب ۔ آپ کی سایٹ تو بہت زبردست ہے ۔ اور گوگل میں چوتھے نمبر پر ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  11. بہت اچھی طریقے سے آپ نے اطلاع دی ہے
    ایک گزارش ہے کہ اور تھیم بھی اردوائے جائیں
    اور یہ کہ اس خانہ متن میں ڈبے نظر آرہے ہیں
    ایشیا ٹائپ اور نفیس نسخ کے بعد Times New Roman یا Arial کو رکھیے
    شکریہ

    جواب دیںحذف کریں
  12. جی اچھی بات ہے۔ میں اس کا کچھ کرتا ہوں۔ بھائی جی تھیم کو اردوانا تو ضرور ہے لیکن مسئلہ وقت اور اپنے موڈکا ہے ویسے اردو ہوم ڈاٹ کوم پر ورڈپریس کے بڑے اچھے اچھے تھیم اردوائے ہوئے موجود ہیں آپ انھیں حاصل کرسکتے ہیں۔
    وسلام

    جواب دیںحذف کریں
  13. آپ فکر نہ کریں۔ انشاء اللہ میں آپکی مدد کروں گا۔ ذرا یونیورسٹی سے فارغ ہو جاؤں

    جواب دیںحذف کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔