پیر، 26 نومبر، 2007

آخر نوازشریف نے سرزمین پاک کو چھو ہی لیا!!

سابق وزیر اعظم نواز شریف آج لاہور پہنچ گئے ہیں۔ مارشل لاء حکومت کے صدر پرویز مشرف کے سعودی عرب کے مختصر دورے میں نجانے کیا کھچڑی پکی ہے کہ نواز شریف کو واپسی کی اجازت مل گئی ہے۔ حاسدوں کا کہنا ہے کہ یہ ڈیل کا ہی نتیجہ ہے۔ فرق اتنا ہے کہ اس بار سعودی عرب بھی امریکہ کے ساتھ اس ڈیل میں ملوث ہے۔ مارشل لاء حکومت تو ایسے لگتا ہے جیسے شترمرغ ریت میں سر دے لیتا ہے۔ نواز شریف کی طرف سے بھی ایسے بیان آرہے ہیں کہ پرویز مشرف کے ساتھ کام کیا جاسکتا ہے لیکن ہمارا ایجنڈا مختلف ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ ایجنڈا کیا ہے۔ حالات واقعی نو مارچ والے نہیں ہیں۔ اس وقت سیاسی جماعتوں کو ایک ڈگڈگی چاہیے تھی جو انھیں چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کی صورت میں مل گئی اور انھوں نے اچھی طرح بجا بھی لی۔ اب کی بار ان کے پاس الیکشن کی ڈگڈگی ہے۔ جسے بجا کر انھیں اصلی تے وڈا فائدہ مل سکتا ہے۔ چناچہ ہر کوئی دبے پاؤں الیکشن کی تیاری میں ہے۔ چند ایک سرپھرے ہیں جو ببانگ دہل بائیکاٹ کا اعلان کررہے ہیں۔ بلوچ پہلے ہی فوجی صدر سے کسی قسم کی بات چیت سے انکار کرچکے ہیں۔ عمران خان ابھی 'نواں آیاں اے سوہنیا' ہے۔ وکلاء کو اپنے چیف جسٹس کی فکر ہے چناچہ وہ تو تحریک جاری رکھیں گے ہی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اے پی ڈی ایم کی چھتری تلے نوازشریف کی طرف سے کیا حکمت عملی طے ہوتی ہے۔ آیا کوئی "درمیانی" راہ نکل آتی ہے یا۔۔۔۔۔بے نظیر نے تو آج کاغذات نامزدگی جمع کرواتے ہوئے بیان دے دیا ہے کہ نواز شریف کی واپسی قومی مفاہمتی آرڈیننس کا نتیجہ ہے۔

2 تبصرے:

  1. اس وقت کوئی بھی اندازہ لگانے سے قاصر ہے کہ سیاست یعنی انتخابات کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔ چند دنوں میں‌لگتا ہے صورتحال واضح ہوجائے گی۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. کسی قوم کو جگانے اور قوت عطا کرنے کیلئے تین عوامل لازم ہیں ۔ اعتقاد ۔ مخلص ذرائع ابلاغ اور مخلص رہنما ۔ اعتقاد ہمیں اپنے آپ پر نہیں مگر چِٹی چمڑی والوں پر ہے جو ہمارے ازلی دُشمن ہیں ۔ ذرائع ابلاغ ایک آدھ استثناء کے ساتھ دولت کے مُرید رہے ہیں ۔مخلص رہنما ہمیں ملے مگر ہم نے ضائع کر دیئے ۔ لیاقت علی ۔ خواجہ ناظم الدین ۔ سردار عبدالرب نشتر ۔ خان عبدالقیوم خان ۔ محمد خان جونیجو ۔ نواز شریف ۔ اب میدان میں نواز شریف شہباز شریف اور عمران خان ہیں ۔ عمران خان بہت اچھا منتظم ہے لیکن سیاست دانوں کے داؤ پیچ کا مقابلہ نہیں کر سکتا ۔ شہباز اچھا منتظم ہے اور سیاست دانوں سے نبٹ سکتا ہے ۔ نواز کے ووٹر ان دونوں سے بہت زیادہ ہیں جس کی وجہ اسکی حلیم طبیعت ہے ۔ دنیا کی بڑی طاقتیں ان تینوں کے خلاف دولت اور طاقت سب کچھ استعمال کریں گی ۔ اللہ ہماری قوم کو سیدھی راہ پر گامزن کرے اور مزید ذلّت سے بچائے ۔ آمین یا رب العالمین ۔
    ایک سیاسی مبصر کا خیال ہے کہ نواز شریف کی واپسی میں امریکہ کا ہاتھ ہو سکتا ہے جس کی وجہ ق لیگ اور ن لیگ کو آپس میں لڑا کر بینظیر کو جتانا ہے تاکہ امریکہ اس کے ذریعہ پاکستان سے [خاکم بدہن] باعمل مسلمانوں کا خاتمہ کر سکے ۔

    جواب دیںحذف کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔