جمعرات، 26 اکتوبر، 2006

فائر فاکس دو آگیا

ساجد اقبال کے اردو ٹیکنالوجی بلاگ پر فائر فاکس دو کے آنے کی خبر پڑھی تو میں کے اوبنٹو پر تھا۔متعلقہ ویب سائٹ پر جاکر لینکس کے لیے اسے اتارا اور اوبنٹو کے فورمز پر جاکر اس کی تنصیب کے سلسلے میں ہدایات دیکھیں۔ دو تین پیغامات دیکھنے پر پتا چلا کہ یہ تو سیدھا سادھا کیس ہے اسے غیر مختصر کریں اور فائر فاکس کی کمانڈ دے کر چلانا شروع کردیں۔ یعنی کمپائل کا کوئی رپھڑ نہیں ورنہ لینکس میں تو بندہ مرنے والا ہوجاتا ہے کمپائل کرکرکے ہی۔ بہرحال فائر فاکس کو چلانا ہو تو 1۔ جہاں اسے غیر مختصر کیا ہے وہاں چلے جائیں اور ٹرمینل کھول کر لکھیں


./firefox

2۔ یا پھر اپنے ڈیسکٹاپ پر رائٹ کلک کریں اور اطلاقیے کو ربط بنا لیں۔ یعن لنک ٹو ایپلی کیشن اس میں آپ نے اپنے فولڈ کا پاتھ دے کر آخر میں اوپر والی کمانڈ کا دم چھلہ لگا دینا ہے جیسے میرے ہاں کچھ ایسے ہے


/home/ss/firefox/firefox

فائر فاکس لینکس میں ویسے کا ویسا ہی ہے بلکہ یوں کہنا ہوگا کہ اوبنٹو میں ویسے کا ویسا ہی ہے۔ ڈیپر میں خرابی کی وجہ سے اردو فونٹس کی پیشکش انتہائی خراب ہوتی ہے فائر فاکس میں اور اس ورژن میں بھی وہی حال ہے۔ میرا بلاگ کہیں تاہوما اور کہین ٹوٹے پھوٹے ایشیا ٹائپ میں نظر آرہا ہے۔ یہی حال اردو محفل کا ہے۔ ہاں فائر فاکس کا مواجہ خوبصورت لگ رہا ہے پہلی نظر میں ونڈوز وسٹا کے کسی اطلاقیے کا گمان ہوتا ہے۔ کہتے ہیں کچھ نئی خوبیاں بھی شامل کی گئی ہیں فائر فاکس میں۔ جیسے پچھلی نشست کی بحالی، ہر روزن یعنی ٹیب کے ساتھ بند کرنے کا ایک بٹن۔ اگر ٹیب زیادہ ہوجائیں تو دائیں بائیں ایک بٹن نمودار ہوکر زائد روزنوں کو نظروں سے اوجھل کردیتا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔