اتوار، 22 اکتوبر، 2006

فری ہوسٹ پر ورڈپریس کی تنصیب(پہلا سبق)

محترم عادل جاوید چوہدری نے میرے بلاگ کی تعریف کے ساتھ ساتھ ایک ورڈپریس بلاگ بنانے کے سلسلے میں مدد کی درخواست کی تو میرے اس خیال کو مہیمز ملی کہ جو کچھ ورڈپریس کی تنصیب کے دوران سیکھا ہے اسے آگے پہنچاؤں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی یہ تحریر ہے۔
انٹرنیٹ پر بلاگنگ اب اردو والوں کے لیے اجنبی نہیں۔ بلاگنگ کیا ہے سب جانتے ہیں۔ اردو بلاگرز البتہ بلاگز کو شاعری وغیرہ کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔ اس وقت کوئی پچاس سے زیادہ اردو بلاگ موجود ہیں۔ جن میں اضافہ ہی ہورہا ہے۔ بلاگنگ کی مشہور خدمات بلاگر، بلاگ سم اور ورڈپریس ڈاٹ کوم جیسی ویب سائٹس فراہم کرتی ہیں۔ کچھ چھوٹی موٹی اور بھی کمپنیاں ہیں۔ بلکہ ان میں بھی بلاگر ممتاز ہے۔ میں نے بھی اپنا بلاگ بلاگر پر ہی بنایا تھا۔ چند ماہ پہلے بلاگر پر پاکستان میں پابندی لگا دی گئی اور ساتھ ہی اردو بلاگرز یتیم ہوگئے۔ بہت سے ٹوٹکے آزمائے گئے کبھی پی کے بلاگ سائٹ بنائی گئی۔ کبھی پراکسی سائٹس ٹرائی کی گئییں مگر وہ بات کہاں مولوی مدن کی سی۔ مزہ جاتا رہا ۔ خود میں بلاگنگ سے ایسا بے زار ہوا کہ مہینوں کے بعد جا کر ایک آدھ پوسٹ ہوتی وہ بھی صرف اپنی موجودگی ثابت کرنے کے لیے۔ آہستہ آہستہ اردو بلاگروں نے بلاگ سم اور ورڈپریس ڈاٹ کوم کی طرف ہجرت شروع کردی۔ لیکن بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی۔ ان عمومی مستعمل خدمات پر بھی کسی دن پابندی لگ جائے گی اور حال وہی۔ تو کیوں نہ کوئی مستقل حال نکالا جائے۔ مستقل حل یہ ہے کہ اپنی جگہ خرید کر یا کسی فری ہوسٹ پر ورڈپریس نصب کرکے اردو بلاگنگ شروع کردی جائے
اسی خیال کا نتیجہ کہ میں اب اس پر بلاگنگ کررہا ہوں۔ اگرچہ میں پس دید میں اس کا انگریزی ورژن استعمال کررہا ہوں لیکن ہم اردو محفل پر اس کے اردو ورژن پر بھی کام کررہے ہیں۔ ترجمہ مکمل ہے بس اس کی سٹائل شیٹ اور تدوینی قطعات میں ویب پیڈ شامل کرنے کی کسر رہ گئی ہے۔ انشاءاللہ وہ بھی جلد ہی پوری ہوجائے گی۔ تب تک ہم انگریزی ورژن پر ہی طبع آزمائی کرتے ہیں اور آپ کو اسی سے سارا طریقہ کار سکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایک عدد ویب سائٹ بنانے کے لیے سب سے پہلی چیز ایک عدد ہوسٹ ہے یعنی انٹرنیٹ پر کچھ جگہ کی فراہمی جہاں ویب سائٹ رکھی جاسکے ایک بلاگ کے لیے 50 میگا بائٹ کی جگہ بہت ہوگی۔ آپ کسی بھی ہوسٹ سے یہ جگہ خرید سکتے ہیں۔ ورڈپریس کی پیشہ ورانہ ویب سائٹ اپنے کچھ شرکائے کار کا بھی ذکر کرتی ہے جیسے ڈریم ہوسٹ، یاہو ویب ہوسٹ وغیرہ تاہم آپ اپنی پسند کے ہوسٹ پر جگہ اور اپنا ڈومین نیم خریدیں۔ نہیں‌استطاعت رکھتے تو فری ہوسٹ ہمارے لیے ہی ہیں۔ خود ہمارا بلاگ ایک فری ہوسٹ پر چل رہا ہے۔ یہاں آپ کو اردو کے لحاظ سے بہترین فری ہوسٹ بتا رہا ہوں۔ایک تو
www.ueuo.com اور دوسرے www.ifastnet.com۔ بہت تحقیق و جستجو کے بعد انھیں ہی بہترین پایا ہے۔ بلکہ اول الذکر تو سب سے اعلٰی سمجھ لیں۔ اس پر اشتہار بازی نہیں( کم از کم اب تک اس کا چکر کیاہے وہ آگے کھاتا بنانے کے دوران بتاتے ہیں) یہ کرل اضافت کی سپورٹ کرتا ہے فقط اتنا سمجھ لیں کہ آپ اس طرح اپنے بلاگر بلاگ سے تحاریر درآمد کرسکیں گے صرف ایک سنگل کلک سے۔ آئی فاسٹ نیٹ بھی اچھی سروس ہے اس کا اچھا پن صرف اشتہار نہ دینے تک ہے یہ اعلانیہ اشتہار کے بغیر ہوسٹنگ مہیا کرتے ہیں۔ لیکن یہاں پر بندہ بلاگر ہوسٹ سے اپنی تحاریر درآمد نہیں کرسکتا۔ مزید یہ ایک کلک سے ورڈپریس کی تنصیب کی سہولت بھی مہیا کرتے ہیں جس کے استعمال کا ہمیں ذاتی طور پر اتفاق نہیں ہوا چونکہ ہمیں اول الذکر بہت پسند آیا تھا۔
خیر آپ اپنی پسند کا کوئی اور ہوسٹ بھی چن سکتے ہیں گوگل اس سلسلے میں مددگار ہوگا اگر کوئی اچھا ہوسٹ ملے تو ہم سے بھی ذکر کیجیے گا تاکہ اسے اس فہرست میں شامل کیا جاسکے۔ تو صاحبو بسم اللہ کرتے ہیں۔
ueuo.com پر چلے جائیں اور صفحے کے آخر میں جاکر اپنی پسند کا سب ڈومین لکھ کر Proceed دبا دیں۔ تمام اندراجات کو احتیاط سے پر کریں۔ دو تین مراحل میں آپ کا اندراج ہوجائے گا(جب ایڈز یعنی اشتہارات کا انتخاب سامنے آئے توManual کا انتخاب کیجیےگا)۔برقی پتہ دھیان سے دیں کیونکہ اسی پر آپ کو فعالی کوڈ موصول ہوگا ہمارا مشورہ ہے کہ جی میل استعمال کریں خیر کوئی بھی چلے گا۔ کھاتہ فعال ہونے کے بعد جو سب سے پہلا کام آپ نے کرنا ہے وہ ہے ایک عدد کوائفیہ (Database) بنانے کا کام۔ یہ مائی ایس کیو ایل میں بنے گا۔ جو مقبول عام ویب بیسڈ کوائفیہ پروگرام ہے۔ ایک بات اور جب آپ نے ہوسٹ یا فری ہوسٹ ورڈپریس بلاگنگ کے لیے چننا ہے تو اس میں مائی ایس کیو ایل ڈیٹابیس اور پی ایچ پی 5 کی سہولیات لازمی دیکھ لینی ہے۔ پی ایچ پی ایک سکرپٹنگ زبان ہے اگر اس کی معاونت نہ ہوئی تو ورڈپریس نہیں چلے گا جو سارے کا سارا ورڈپریس پر مشتمل ہے۔
اچھا تو ہم کوائفیہ بنانے جارہے تھے۔ یہ سارا کام یک سنگل کلک کا ہے۔ اس تصویر میں جو کنٹرول پینل آپ کو نظر آرہا ہے اسی سے ہم نے سارا کام کرنا ہے۔
DataBase
دائرہ لگے انتخابات پر غور کریں ان میں سے پہلے والا یعنی بائیں طرف والا جب آپ کا کھاتہ ابھی نیا بنا ہوگا اس پیغام پر مشتمل ہوگا کہ کوائفیہ بنائیں۔ بٹن پر کلک کریں اور اگلے صفحے پر کوائفیے کی تفاصیل ہونگی جو آپ کو ورڈپریس میں داخل کرنی ہیں۔ انھیں سنبھال لیں یہ ضروری ہے۔
کوائفیہ بنا لیا۔ اب اگلا کام ہے فائلیں چڑھانا ۔ ایسا کریں یہاں جائیں اور فائل زیلا اتار لیں۔ یہ ایک عمومی مستعمل اور بہترین نتائج دینے والا آزاد سافٹویر ہے اور اسی کو ہم فائلیں چڑھانے کے لیے استعمال کریں گے۔
اگلی قسط میں ورڈپریس کی بنیادی وضع قطع(Configuration) اس کو چڑھانا اور اس کی تنصیب کے اسباق شامل ہونگے۔
وسلام

5 تبصرے:

  1. اچھا مضمون ہے!!! بہت خوب

    جواب دیںحذف کریں
  2. اچھا لکھا ہے!!! نہایت اعلٰی

    جواب دیںحذف کریں
  3. شکریہ شکریہ بھائی جی۔
    بہت دنوں بعد آپ کو دیکھا ہے۔
    محفل پر بھی نظر نہیں آتے۔

    جواب دیںحذف کریں
  4. لالے آپ نے کمال کردیا ہے صاحب۔۔۔ بہت اعلٰی۔۔ بس میں‌اس سے زیادہ کچھ نہیں‌کہہ سکتا۔ مین ابھی اس پر ٹرای مار کر آپ کو بتاتا ہوں۔ شکریہ شاکر صاحب

    جواب دیںحذف کریں
  5. جی ضرور مجھے ضرور بتائیے گا۔
    یہ کوئی کام نہیں۔ اصل کام تو اس میں اردو کی سپورٹ شامل کرنا ہے۔ جس میں کچھ دقت ہوتی ہے۔ بہرحال آپ کے لیے خوشخبری آپ کو صرف کاپی پیسٹ ہی کرنا پڑے گا اگلا سبق انشاءاللہ آج آنلائن ہوجائے گا جس میں اردو تھیم اور اردو لکھنے کی سہولت ہوگی۔
    انشاءاللہ۔

    جواب دیںحذف کریں

براہ کرم تبصرہ اردو میں لکھیں۔
ناشائستہ، ذاتیات کو نشانہ بنانیوالے اور اخلاق سے گرے ہوئے تبصرے حذف کر دئیے جائیں گے۔